کراچی، عزیر جان بلوچ کی تفتیش سے متعلق جے آئی ٹی میں مزید انکشافات،لیاری کے غریب علاقے کا گینگسٹر ارب پتی نکلا

دبئی اور ایران میں اثاثوں کی مالیت کروڑوں روپے ہے ،ذوالفقار مرزا کی مد د سے اپنی پسند کے ایک ایس پی سمیت 7ایس ایچ او بھی لگوائے عزیر بلوچ نے اپنے قریبی 45دوستوں کے نام بھی تحقیقاتی اداروں کو فراہم کر دئیے

جمعہ 29 اپریل 2016 09:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اپریل۔2016ء)لیاری گینگ وار سرغنہ عزیر جان بلوچ کی تفتیش سے متعلق جے آئی ٹی میں مزید انکشافات سامنے آگئے ،لیاری کے غریب علاقے کا گینگسٹر ارب پتی نکلا ،دبئی اور ایران مین اثاثوں کی مالیت کروڑوں روپے ہے ،ذوالفقار مرزا کی مد د سے اپنی پسند کے ایک ایس پی سمیت 7ایس ایچ او بھی لگوائے ،دوسری جانب عزیر بلوچ نے اپنے قریبی 45دوستوں کے نام بھی تحقیقاتی اداروں کو فراہم کر دئیے۔

ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر جان بلوچ کی تفتیش سے متعلق مکمل کی جانے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آگئے ہیں۔لیاری جیسے غریب علاقے کا سب سے بڑا گینگسٹر اربوں روپے مالیت کے اثاثے رکھتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ عزیر بلوچ کے دبئی میں 4اکاؤنٹ ہیں جن میں سے 3اکاؤنٹ اس کی بیوی کے نام ہیں اور ان میں 10لاکھ درہم موجود ہیں ،دبئی میں اس کے اثاثوں کی مالیت 35لاکھ درہم سے زائد ہے جن میں 3گاڑی،ایک پلاٹ،ایک دفتر اور 2گھر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایران میں عزیر بلوچ نے اپنے رشتے دار جلیل کے نام پر ایک کروڑ روپے مالیت کا گھر بنا رکھا ہے۔نیپئر کے علاقے گھاس منڈی میں قائم جو ئے کے اڈے کے مالک اعجاز میمن کو سود پر ایک کروڑ روپے قرضہ دیا ،جبکہ کراچی میں اس کے اثاثوں کی مالیت 20کروڑ سے زائد ہے اور کراچی میں ایک بینک اکاؤنٹ ہے اور اس میں 15لاکھ روپے موجود ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ عزیر بلوچ کا کہنا ہے کہ اس نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کی مدد سے لیاری میں ایک ایس پی اقبال بھٹی اور 7ایس ایچ اوز کو تعینات کروایا ، جبکہ ایس پی اقبال بھٹی کی سفارش پولیس انسپکٹر یوسف بلوچ نے عزیر بلوچ سے کی تھی۔

ذرائع نے کہا کہ عزیر بلوچ نے اعتراف کیا کہ کراچی مین اس کے گھر میں خدمت کے لیے 16نوکر موجود تھے جبکہ لیاری کے14کمانڈرز اس کی نگرانی مین کام کرتے تھے۔ذرائع نے مزید کہا کہ عزیر بلوچ نے انکشاف کیا کہ اس کے قریبی دوستوں کی تعداد 45کے قریب ہے اور انتہائی قریبی دوستوں مین ثانیہ ناز،قادر پٹیل اور ذوالفقار مرزا شامل ہیں۔