پنجاب میں گندم کا باردانہ کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف کسان بپھر گئے،باردانہ کی تقسیم کا پہلا دن کرپشن کی نظر ہو گیا،فوڈ انسپکٹر سنٹر بھون جھنگ رشوت طلب کرنے پر مقامی کسانوں نے دھلائی کر دی اور مار مار کر ادھ منہ کر دیا،حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے ڈی ایس پی تھانہ قادر پور اور اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ موقع پر پہنچ گئے‘ مقامی کسانوں کا فوڈ عملہ اور حکومت پنجاب کے خلاف شدید احتجاج اور نعرہ بازی

بدھ 27 اپریل 2016 09:21

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2016ء) پنجاب حکومت کی طرف سے باردانہ کی تقسیم میں رشوت لینے اور مسلم لیگ ن کے ورکروں کو باردانہ الاٹ کرنے پر جھنگ کے غیور کسان بھپر گئے۔ رشوت لینے پر فوڈ انسپکٹر صفدر خان بلوچ کی دھلائی کر کے اسے ادھ منہ کیا اور پھر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تھانہ قادر پور کے ڈی ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں باردانہ کی تقسیم منگل کے روز سے شروع ہوتے ہی حکومتی اہلکاروں نے کرپشن اور رشوت کا بازار گرم کر دیا ہے۔ جھنگ کے فوڈ سنٹر بھون میں مقامی ایم پی اے محمد خان بلوچ نے اپنے قریبی رشتہ دار فوڈ انسپکٹر صفدر خان بلوچ کو سنٹر کا انچارج تعینات کرا دیا۔ صفدر خان بلوچ نے مقامی ایم پیا ے اور ایم این اے غلام محمد لالی کی چٹ پر مسلم لیگی ن کے ورکروں کو باردانہ تقسیم کرنا شروع کر دیا جس کے خلاف دیگر مقامی کسان بپھر گئے اور شدید احتجاج شروع کیا۔

(جاری ہے)

غریب اور بے بس کسانوں نے کھلے عام کرپشن کرنے اور رشوت مانگنے پر فوڈ انسپکٹڑ صفدر بلوچ کی شدید دھلائی کر دی اور صفدر بلوچ کو مار مار کر ادھ منہ کر دیا۔ بھون سنٹر کے ارد گرد ایم پی اے محمد خان بلوچ کی برادری رہائش پذیر ہے اور فوڈ انسپکٹر صفدر بھی ایم پی اے کا رشتہ دار ہے۔ صفدر بلوچ نے کھلے عام رشوت طلب کرنے اور باردانہ کی تقسیم میں ملوث ہے۔

تھانہ قادر پور پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا ہے اور کسانوں کو منصفانہ تقسیم کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تحصیل جھنگ کے اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ بھی موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو خود کنٹرول کیا۔ ڈائریکٹر فوڈ پنجاب نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ فوڈ سنٹر شاہ جیونہ میں کرپشن کا گڑھ تھا اس لئے اس سنٹر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ایک بھون اور دوسرا چند بھروانہ ہے جبکہ ایم پی اے محمد خان بلوچ منڈی شاہ جیونہ کا رہائشی ہے ایم پی اے محمد خان بلوچ خود بھی ایک آڑھتی ہے اور اس کے درجنوں رشتہ دار بھی آڑھت کا کام کرتے ہیں۔