پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات ، مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ،اعزاز چوہدری،بھارت نے کلبھوشن یادیوسمیت دیگربھارتی قیدیوں کامعاملہ اٹھایا ہے،رپورٹ

بدھ 27 اپریل 2016 09:31

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2016ء)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی،ملاقات میں کشمیر،دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ صورتحال سمیت تمام حل طلب امور پر تبادلہ کیا گیا،جس میں بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد ا لباسط بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر سے ساؤتھ بلاک میں ملاقات ہوئی جس میں بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط بھی موجود تھے۔

ترجمان پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق پاک بھارت سیکرٹر ی خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز احمدچوہدری نے زور دیا کے مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیاجائے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاکستان ہائی کمیشن نے بتایا کہ پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے بھارت کو بااور کروایا کہ پاکستان پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتاہے،یہی پاکستانی عوام اوروزیراعظم نوازشریف کاعزم ہے۔

پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ سیکرٹری خارجہ سطح کے ان مذاکرات سے دوطرفہ تعلقات میں حالیہ پیش رفت کیلئے بہترین موقع میسر آیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان درینہ مسئلہ کشمیر پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان انتہائی اہم مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیر عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ،دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے حریت رہنماوٴں کی گرفتاری اورکشمیریوں پرتشددجبکہ بھارت نے کلبھوشن یادیوسمیت دیگربھارتی قیدیوں کامعاملہ اٹھایا ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات میں پٹھانکوٹ اوردیگرایشوز پرتبادلہ خیال کیاگیاہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ دونوں اعلی سفارتکاروں کے درمیان اہم امور زیر بحث آئے ہیں ،پٹھان کوٹ حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سرد مہری تھی جبکہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یاددیو کی گرفتاری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان الزامات کا سلسلہ بھی چل نکلا تھا،بھارتی ہم منصب کی جانب سے اس معاملے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔