عراق: شکست کا صدمہ، چینی داعشی جنگجو نے خود کشی کر لی

پیر 25 اپریل 2016 09:43

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اپریل۔2016ء)عراق کے شہر الرمادی میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائیوں سے مسلسل شکست کے نتیجے میں جہاں بڑی تعداد میں داعشی جنگجو وہاں سے بھاگ رہے ہیں وہیں شکست کے صدمہ سے دوچار ایک چینی نڑاد داعشی جنگجو نے خود کشی کرکے اپنی زندگی ختم کر ڈالی عرب میڈیا کے مطابق عراق کی الانبار گورنری کی جوڈیشل کونسل کے چیئرمین علی داوٴد کا کہنا ہے کہ مشرقی الرمادی سے ایک چینی نڑاد داعشی جنگجو کی لاش ملی ہے جس نے مبینہ طور پر شکست کے صدمے اور پکڑے جانے کے خوف سے خود کشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے داعشی جنگجو کی لاش قبضے میں لے کراس کی شناخت کی ہے۔ مقتول جنگجو کا تعلق چین سے ہے۔ اس نے رمادی سے 23 کلومیٹر دور الخالدیہ جزیرے میں میں اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کی۔

(جاری ہے)

اس کے قریب سے ایک کاغذ کا ٹکڑا بھی ملا ہے جس میں اس نے خود کشی کے اپنے عزم کا اعلان کیا ہے۔عراقی حکومت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ داعشی جنگجو کی خود کشی سے ظاہرہوتا ہے کہ عراق میں داعش بدترین ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ عراقی فوج اور اس کی حامی ملیشیا کی کارروائیوں کے سامنے داعش کو مسلسل شکست وریخت کا سامنے ہے۔ واضح رہے کہ جزیرہ الخالدیہ مشرقی الرمادی میں واقع اہم مقام ہے جس میں داعش اور مقامی قبائل کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری رہی ہے۔