امریکہ جنوبی کوریا کیساتھ اپنی جنگی مشقیں بند کر دے گا تو جوہری تجربے معطل کردینگے،شمالی کوریا، شمالی کوریاکو جوہری ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے کا حق حاصل ہے، امریکہ نے ہمیں اپنے دفاع پر مجبورکیا،وزیرخارجہ

پیر 25 اپریل 2016 09:40

پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اپریل۔2016ء)شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اگر امریکہ جنوبی کوریا کے ساتھ اپنی جنگی مشقیں بند کر دے گا تو ایسی صورت میں وہ اپنے جوہری تجربے کو معطل کر سکتا ہے۔وزیرِ خارجہ ری سو یونگ نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ ان کا ملک بین الاقوامی پابندیوں سے ڈرتا نہیں ہے۔اسی دوران پیانگ یانگ کی جانب سے کہا گیا کہ سنیچر کو آبدوز کے ذریعے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ملک کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا تمام تکینکی صلاحیت رکھتا ہے اور پانیوں کے اندر سے حملہ کر سکتا ہے۔خیال رہے کہ شمالی کوریا پر اقوامِ متحدہ نے 2006 میں جوہری تجربہ کرنے اور بیلسٹک میزائل کے استعمال کی پابندی عائد کی تھی۔اس سے قبل وزیرِ خارجہ ری سو یونگ نے کہا تھا کہ ان کے ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کا مقابلہ کرے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے شمالی کوریا کو اپنے دفاع کے لیے اس قسم کے ہتھیاروں کی تیاری پر مجبور کیا ہے۔انھوں نے تجویز دی کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان جنگی مشقوں کو روکنے کے نتیجے میں کشیدگی کم کرنے اور بات چیت کرنے کی راہ نکل سکتی ہے۔وزیرِ خارجہ ری سو یونگ نے مزید کہا کہ اگر ہم اسی طرح لڑائی کے راستے پر رہے تو اس کے نہ صرف دونوں ممالک پر بلکہ پوری دنیا کے لیے تباہ کن نتایج ہوں گے۔جزیرہ نما کوریا میں جوہری جنگ کی مشقیں بند کریں تب ہم بھی جوہری تجربات روک دیں گے۔

متعلقہ عنوان :