ہیڈ کوچ کیلئے پیٹر مورس اور عاقب جاوید مضبوط امیدوار ، اگر پی سی بی نے غیر ملکی کوچ کے انتخاب کا فیصلہ کیا تو ممکنہ طور پر پیٹر مورس جبکہ ملکی کوچ ہونے کی صورت میں عاقب جاوید کامیاب امیدوار قرار پائیں گے

ہفتہ 23 اپریل 2016 09:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے سابق انگلش کوچ پیٹرمورس اور پاکستان کے سابق فاسٹ باوٴلر عاقب جاوید مضبوط امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔وقار یونس کی جانب سے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کوچ کی تلاش میں سرگرداں ہے اور ابتدا میں اس عہدے کیلئے عاقب جاوید کو مضبوط ترین امیدوار قرار دیا گیا۔

تاہم پی سی بی کی جانب سے کوچ کی تلاش کیلئے وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل دو رکنی پینل تشکیل دیے جانے پر عاقب دستبردار ہو گئے تھے اور الزام عائد کیا تھا کہ کمیٹی پہلے ہی غیر ملکی کوچ کی تقرری کیلئے اپنا ذہن بنا چکی ہے۔سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے دور میں کامیابی کے ساتھ گرین شرٹس کی کوچنگ کرنے والے سابق اوپنر محسن خان نے بھی ہیڈ کوچ کے عہدے میں دلچسپی ظاہر کی تھی اور پی سی بی کی جانب سے چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش مسترد کر دی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم محسن نے عہدے کیلئے درخواست دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا تھا کہ انہیں انہیں اس کمیٹی کو اپنی قابلیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ وسیم اکرم اور رمیز راجہ دونوں ہی ان ہی جونیئر ہیں۔ایک طرف پاکستان سے سابق کرکٹرز عہدے میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے تو دوسری جانب نصف درجن سے زائد غیر ملکی کوچز نے پاکستان کے ہیڈ کوچ کے عہدے میں دلچسپی ظاہر کی جن میں سابق آسٹریلین کھلاڑیوں ڈین جونز، ٹام موڈی، اسٹورٹ لا اور جمی سیڈل سمیت جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر، انگلینڈ کے پیٹر مورس اور زمبابوین فلاور برادران شامل ہیں۔

اسی دوران عاقب جاوید نے متحدہ عرب امارات کی کوچنگ سے مستعفی ہو گئے لیکن انہوں نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی لیکن باوثوق ذرائع کے مطابق وہ ایک بار پھر اس دوڑ میں شامل ہو گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہم عہدیدار نے نجی ٹی وی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پانچ سے چھ غیر ملکی کوچز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کی ہے لیکن سابق انگلش کوچ پیٹر مورس ریس میں سب سے آگے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹام موڈی، ڈین جونز اور مکی آرتھر کے نام بھی زیر غور آئے لیکن کسی سے بات حتمی طور پر فائنل نہ ہوسکی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہیڈ کوچ کے عہدے کی دوڑ میں اب پیٹر مورس اور عاقب جاوید سب سے آگے ہیں اور اگر پی سی بی نے غیر ملکی کوچ کے انتخاب کا فیصلہ کیا تو ممکنہ طور پر پیٹر مورس کامیاب امیدوار قرار پائیں گے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر کرکٹ حکام نے مقامی کوچ کو ترجیح دی تو عاقب جاوید منظور نظر ٹھہریں گے لیکن ابھی تک پی سی بی حکام کسی بھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

ذرائع کے مطابق اگر دونوں میں سے کسی ایک کا انتخاب تاخیر کا شکار ہوا تو پھر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے نئے سربراہ اور سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو وقتی طور پر ہیڈ کوچ کا عہدہ سونپا جا سکتا ہے اور دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کی رہنمائی رہی کریں گے۔