مظفر سید پر کرپشن کے کوئی الزامات نہیں ہیں،پرویز خٹک،رپورٹ میں اگر کسی بیوروکریٹ اور اسٹیٹس کو والوں کا نام آ گیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی،زیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعہ 22 اپریل 2016 09:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ و زیر خزانہ مظفر سید کے بارے میں کرپشن کے کوئی الزامات نہیں ہیں اور ان پر جو الزامات عائد کئے گئے تھے وہ بے بنیاد ہے جو بیوروکریٹس اس میں ملوث ہیں ان کے بارے میں معلوم نہیں ہے لیکن رپورٹ میں اگر کسی بیوروکریٹ اور اسٹیٹس کو والوں کا نام آ گیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر خزانہ کے خلاف جو اشتہار دیا گیا وہ غیر قانونی ہے ۔جنہوں نے بینک میں کرپشن کی ہے انہوں نے اپنے آپ کو بچانے کیلئے یہ حرکت کی ۔ رپورٹ آنے کے بعد وہ اس بارے میں فیصلہ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے جمعرات کے روز جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر مرکز اسلامی میں جماعت اسلامی کے امیدوار حلقہ پی کے 8سے تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں صوبائی سینئر وزیر عنایت اللہ ،صوبائی وزیر شاہ فرمان،جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان،ضلعی ناظم ارباب عاصم سمیت جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے دیگر قائدین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی ،جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کا کرپشن کے خلاف ایک ہی موقف ہے ۔پی کے آٹھ میں انشاء اللہ فتح تحریک انصاف کی ہو گی ۔

ہمیں نہ دھاندلی آتی ہے اور نہ دھاندلی کریں گے اور نہ ہی کسی اور کو دھاندلی کرنے دیں گے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے پی کے آٹھ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد جاری رہے گا کیونکہ یہ اتحاد اسٹیٹس کو اور کرپشن کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ،قومی وطن پارٹی اور تحریک انصاف کا اتحاد برقرا ررہے گا اور ہم آئندہ انتخابات میں بھی مشترکہ پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیں گے ہم کرپشن کے خلاف ایک صفحے پر ہیں ۔

قومی وطن پارٹی ،جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے حکومتی کاموں میں شفافیت کا خیال رکھا ہے اس صوبے کی یہ تاریخ رہی ہے کہ جس نے حکومت کی اسے دوبارہ اقتدار نہیں ملا تاہم تحریک انصاف ،جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی ایک مشترکہ اتحاد اس تاریخ کو تبدیل کر دیں گے اور ہم مشترکہ انتخابات لڑیں گے اور انشاء اللہ کامیابی حاصل کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے حکومت کے دوران صوبے کی حالت تبدیل ہو کر رہ گئی ہے اور پولیس سمیت تمام محکموں میں بہتری آ چکی ہے اور عوام کو اس کے ثمرات بھی ملنا شروع ہو گئے ہیں اور صوبے میں عوام تبدیلی دیکھ رہے ہیں

متعلقہ عنوان :