بدحال مہاجر کیمپ عوامی صحت کے لیے بھی خطرہ، یونانی میئرز

جمعہ 22 اپریل 2016 10:31

ایتھنز (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2016ء)یونانی دارالحکومت ایتھنز کے نواح میں پانچ ساحلی علاقوں کے میئرز نے خبردار کیا ہے کہ شہر کے ایک مضافاتی مہاجر کیمپ میں حفظان صحت کی بری صورت حال کے باعث مقامی آبادی کو بھی شدید طبی مسائل اور پیچیدگیوں کا خطرہ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلینیکون میں واقع مہاجر کیمپ کے حالات نامناسب ہیں اور اس لیے وہاں پیدا ہونے والے ممکنہ طبی مسائل سے مقامی آبادی کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کیمپ میں چار ہزار مہاجرین اور تارکین وطن مقیم ہیں۔ہیلینیکون میں واقع یہ کیمپ ملکی دارالحکومت ایتھنز کے نواح ہی واقع ہے۔ایتھنز کے مضافات میں واقع پانچ مختلف علاقوں کے میئرز نے اپنی اس تشویش کو ایک خط کے ذریعے وزیر اعظم الیکسس سپراس تک بھی پہنچا دیا ہے۔ ایتھنز کے پرانے ایئر پورٹ کے علاقے میں بنائے گئے اس مہاجر کیمپ کے حالات کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس خط میں لکھا گیا، ”صورتحال قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے صحت عامہ کو شدید مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔“