لاہور ہائیکورٹ ، نواز ،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت سمیت چونسٹھ سیاست دانوں اور معروف شخصیات کو منی لانڈرنگ پر عدالت طلب کرنے کی استدعا مسترد ، اٹارنی ،جنرل کو عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا

جمعرات 21 اپریل 2016 09:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت حسین، ،سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی سمیت چونسٹھ سیاست دانوں اور معروف شخصیات کو منی لانڈرنگ کرنے پر عدالت طلب کرنے کی استدعا مسترد کر دی ،عدالت نے اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا. لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت حسین،عمران خان، سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،نجم سیٹھی،میاں منشاء،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید نے چار سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں ایک سو انچاس جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لا کر ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ سیاستدانوں کو عدالت میں طلب کرنے کا حکم صادر کیا جائے.عدالت نے درخواست میں فریق بنائے گئے سیاستداوں کو عدالت میں طلب کرنے کی استدعا مسترد کر دی.عدالت نے منی لانڈرنگ کرنے والے سیاستدانوں کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل کو پچیس اپریل کے لئے عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا.عدالت اسی کیس میں چالیس کے قریب سیاستدانوں کے خلاف پہلے ہی یکطرفہ کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔عدالتی حکم پر درخواست گزار نے درخواست میں فریق بنائے گئے دو فریقین کی طلبی کے لئے عدالتی حکم پر طلبانہ بھی جمع کرا دیا ہے۔