سعودی عرب کا سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے دانتوں کے غیر ملکی ڈاکٹروں کے معاہدوں کی تجدید نہ کر نے کا فیصلہ

منگل 19 اپریل 2016 10:11

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اپریل۔2016ء) سعودی عرب کے سرکاری ہسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے دانتوں کے غیر ملکی ڈاکٹروں کے معاہدوں کی تجدید نہیں ہو گی۔ سعودی وزارت صحت نے تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی ڈاکٹروں کو نوٹس دے دیا گیا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق مملکت میں دانتوں کے سعودی ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے انہیں سرکاری ہسپتالوں میں بھرتی کرنے کیلئے ضروری ہے کہ غیر ملکی ڈاکٹروں کو فارغ کیا جائے ذرائع نے سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے دانتوں کے غیر ملکی ڈاکٹروں کی تعداد کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں تاہم وزارت صحت سے اندازہ ہوتا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں دانتوں کے ڈاکٹروں کی تعداد میں شدید کمی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کی طرف سے 2014 ء میں جاری ہونے والے اعداد وشمار میں بتایا گیا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں دانتوں کے کلینکس سے رجوع کرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے وزارت کے پاس ہر 7690 مریضوں کیلئے صرف ایک ڈاکٹر ہے اس بات کی بھی وضاحت نہیں کی کہ دانتوں کے سعودی ڈاکٹروں کی کتنی تعداد ہے جنہیں غیر ملکی ڈاکٹروں کی جگہ بھرتی کیا جائے گا۔ دریں اثناء وزارت صحت نے تمام سرکاری ہسپتالوں کو اعلامیہ جاری کرکے ہدایت کی ہے کہ ہسپتال کا کوئی شعبہ نماز کے اوقات میں بند نہ کیا جائے، مریضوں کی طبی خدمات کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :