پانامہ لیکس،تحریک انصاف تحقیقات کیلئے دباؤ بڑھانے،سیاسی جماعتوں سے روابط برقرار رکھنے کا فیصلہ، پی آئی ٹی کے چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس،ہر فورم پر پانامہ لیکس کا معاملہ اٹھائیں گے تحقیقات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،عمران خان

منگل 19 اپریل 2016 09:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اپریل۔2016ء) چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک انصاف کا پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے حکومت پر دباؤ بڑھانے اور سیاسی جماعتوں سے روابط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے عمران خان نے کہا کہ ہر فورم پر پانامہ لیکس کا معاملہ اٹھائیں گے تحقیقات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی ٹی کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اسد عمر ، چودھری محمد سرور ، جہانگیر ترین سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں سے روابط برقرار رکھے گی ۔

پارٹی رہنماؤں نے یوم تاسیس کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں بھی عمران خان کو بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے حکومتی کمیشن شفاف طریقے سے تحقیقات نہیں کر سکتا ۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لندن سے وطن واپس آگئے ، میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پاناما لیکس سکینڈل کی انکوائری کیلئے قائم کیا جانے والا کمیشن قبول نہیں ، نیا اور غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے تاکہ کرپشن میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا مل سکے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر پاناما سکینڈل کی درست تفتیش ہوئی تو اس ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے لیکن اگر ہمارا مطالبہ قبول نہ کیا گیا تو ملک گیر سطح پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا