وزیراعظم کو ڈاکٹروں نے ہوائی سفر کے قابل قرار دے دیا،وطن واپسی پر لاہور آئیں گے،ترجمان،وزیراعظم مکمل خیریت سے ہیں ، کل وطن واپسی کیلئے روانہ ہوں گے،محمدشہبازشریف،پوری قوم نے میرے لئے دعا کی جس پر میں مشکور ہوں،وزیراعظم محمد نوازشریف کی وزیراعلیٰ سے گفتگو

منگل 19 اپریل 2016 09:45

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اپریل۔2016ء) وزیراعظم میاں نواز شریف کو لندن کے ماہر ڈاکٹروں نے صحت یاب قرار دیتے ہوئے ہوائی سفر کے قابل قرار دے دیا ۔ وزیراعظم میاں نواز شریف آج 19اپریل نے وطن واپسی کیلئے روانہ ہونگے اور بدھ 20اپریل کو لاہور پہنچیں گے قبل ازیں انہیں اکیس اپریل جمعرات کو وطن واپسی کی تجویز دی گئی تھی ۔ گزشتہ روز لندن میں وزیراعظم میاں نواز شریف کا ڈاکٹروں نے ایک بار پھر تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں صحت مند قرار دیتے ہوئے ہر قسم کے سفر کی اجازت دیدی ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کیمطابق وزیراعظم میاں نواز شریف وطن واپسی پر لاہور پہنچیں گے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے استقبال کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں واضح رہے کہ وزیراعظم عارضہ قلب سے صحت یابی کے بعد ہفتہ سولہ اپریل کو لندن میں شاپنگ بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

ادھروزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف مکمل خیریت سے ہیں اور چیک اپ کے بعد ان کی طبیعت کافی بہتر ہے۔

وزیراعظم کل وطن واپسی کیلئے روانہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پوری قوم نے میرے لئے دعا کی جس پر میں مشکور ہوں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وزیراعظم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی قائدانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور آپ کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن رہے گا۔