پنجاب اسمبلی،شادی بیاہ میں ایک سے زائد ڈشز پیش کرنے ،فضول رسومات میں دولت کی نمائش اور پیسے کے ضیاع کو روکنے سمیت 6 بل کثرت رائے سے منظور ،خلاف ورزی کرنے والے کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ،ایک ماہ قید ہوگی

جمعہ 15 اپریل 2016 12:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15اپریل۔2016ء)پنجاب اسمبلی میں شادی بیاہ میں ایک سے زائد ڈشز پیش کرنے ،فضول رسومات میں دولت کی نمائش اور پیسے کے ضیاع کو روکنے سمیت چھ بل کثرت رائے سے منظور ،دہشتگردی کو کنٹرول کرنے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ویجی لنس کمیٹیوں کے قیام کے قانون کی بھی منظوری‘مذکورہ قانون کے تحت دہشتگردوں کے سہولت کار وں،تخریبی اور مشکوک عناصر کی موجودگی و نقل و حرکت کیخلاف کارروائی کے لئے ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر ویجی لینس کمیٹیاں بنائی جائیں گی ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز مقررہ وقت دس بجے کی بجائے ایک گھنٹہ دس منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں شادی بیاہ آرڈیننس کو قانونی شکل دینے،ویجی لینس کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے بل سمیت6 بلوں کی منظوری جبکہ ایک بل ایوان میں متعارف کرایا گیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے بلز پیش کئے ۔

ایوان نے ترمیمی بل جنگلات پنجاب2016ء فلڈ پلین ریگولیشن پنجاب2015ء ،ویجی لینس کمیٹیوں کی تشکیل ،شادی بیاہ کے آرڈیننس کو قانونی شکل دینے ،اکنامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پنجاب2016ء اور ترمیمی بل کمیشن برائے مقام نسواں پنجاب2015ء منظور کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں مسودہ قانون ایگریکلچر،فوڈ اور ڈرگ اتھارٹی پنجاب بل2016ء ایوان میں پیش کیا گیا جسے سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرکے دو ماہ میں اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس کے دوران جب دوسرا بل زیر بحث تھا کہ رکن اسمبلی عارف عباسی کی طرف سے کورم کی نشاندہی کی گئی سپیکر نے کورم پوار نہ ہونے پر 5منٹ تک گھنٹیاں بجانے کے لئے کہا جس کے بعد کورم پورا ہونے پر اجلاس کو دوبارہ جاری رکھا گیا۔ دستاویزات کے مطابق د ہشتگردوں کے سہولت کار وں،تخریبی اور مشکوک عناصر کی موجودگی و نقل و حرکت کے خلاف کارروائی کے لئے ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر ویجی لینس کمیٹیاں بنائی جائیں گی جسکے کنوینر ڈی سی او زہوں گے ۔

کمیٹیوں کا مقصد گلی محلوں میں مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے نظام کو موثر اور یقینی بنانے کے لئے لایا گیا ہے۔ کمیٹی میں پولیس ،سپیشل برانچ،انٹیلی جنس کا نمائندہ ، دو ارکان اسمبلی اوردو عام شہری شامل کئے جائیں گے۔کمیٹی یونین کونسل کی سطح پر مقامی ویجی لینس کمیٹی تشکیل دے گی۔کمیٹی کا رکن بننے والے فرد کی جانچ پڑتال کی جائے گی ،سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی مقامی ویجی لینس کمیٹیوں کے اراکین کو ٹریننگ دے گی ۔

کمیٹی یونین کونسل سطح پر اپنے دائرہ اختیار میں مشکوک افراد کی موجودگی ،فرقہ واریت یا تخریب کاری کو ہوا دینے والے عناصر کے بارے معلومات اکٹھا کرے گی۔کمیٹی ممنوعہ اور غیر قانونی تنظیموں کے چندہ اکٹھا کرنے وال چا کنگ آڈیو ویڈیو ممنوعہ مواد تقسیم کرنے کا بھی خیال رکھے گی ۔کمیٹی کے ذمہ رہائش پذیر کرائے داروں کی معلومات اکٹھا کرنے کا کام بھی ہو گا،کمیٹی اراکین کو کسی قسم کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں شادی بیاہ پر کھانوں اور فضول رسومات میں دولت کی نمائش اور پیسے کے ضیاع کو روکنے کیلئے بل پیش کیا گیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ بل کی رو سے شادی بیاہ کی تقریبات میں مہمانوں کیلئے ایک سے زائد ڈشز تیار نہیں کی جا سکیں گی ۔علاوہ ازیں شادی کی تقریبات میں گلی ،سڑک ، عوامی مقامات اور کھلی جگہوں پر آرائشی روشنیاں لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی ۔

رسم نکاح ، مایوں ، مہندی ، بارات اور ولیمہ پر بھی مہمانوں کی تواضع کیلئے صرف ون ڈش ہی پیش کی جا سکے گی ۔شادی بیاہ کے قانون میں رسم نکاح ، مایوں، مہندی ، برات اور ولیمہ پر ون ڈش ہی دی جائے گئی۔سالن، چاول، سلاد، گرم اور ٹھنڈے مشروب، روٹی یا نان اور ایک سویٹ ڈش کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔لڑکی کے والدین کی جانب سے شادی پر اپنی بیٹی کو دیئے جانے والے جہیز کی بھی مہمانوں کے سامنے نمائش نہیں کی جا سکے گی اور شادی کی تقریبات کے کسی بھی روز آتش بازی کی اجازت نہیں ہوگی ۔

گھر میں بھی شادی کے وقت کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے ۔بل میں واضح طور پر تحریر کیا گیا ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ان قواعد و ضوابط پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے اور اگر کوئی بھی شخص ان قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کو ایک لاکھ روپے جرمانہ اور ایک ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :