لاہور ہائیکورٹ، وزیر اعظم اور انکی صاحبزادی مریم صفدر کا نام ای سی ایل میں داخل کرنے کے لئے دائر درخواست مسترد

جمعرات 14 اپریل 2016 09:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14اپریل۔2016ء)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار مقامی شہری سید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ 1997کے صدارتی انتخابات کے موقع پر ایک رکن اسمبلی نے بیلٹ پیپر پر پاکستان مخالف نعرہ تحریر کر کے ووٹ ڈالا۔اس وقت کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان مخالف نعرہ درج کرنے والے رکن کے خلاف کاروائی کی جائے گی جس پر آج تک عمل نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم پر 1997 کی اسمبلی کے تمام منتخب اراکین پر تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وزہر اعظم نے مریم صفدر کی بجائے مریم نواز کو یوتھ لون سکیم کا غیر قانونی طور پر چئیرمین مقرر کیا لہذا وزیر اعظم کے خلاف کاروائی مکمل ہونے تک میاں نواز شریف اور مریم صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف عدالت کارواٰئی کا اختیار نہیں رکھتی۔عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔