پانامہ لیکس،نواز شریف سے ملاقات نہ کریں،پیپلزپارٹی کور کمیٹی کا زرداری کو مشورہ،ن لیگ کی وجہ سے پہلے ہی پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہوا ،کورکمیٹی میں اکثر ارکان کی پانامہ لیکس ایشو پر وزیر اعظم کی سپورٹ کرنے کی مخالفت ،کورکمیٹی اجلاس میں رحمان ملک کی اسحاق ڈار سے ملاقات اور پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیانات دینے کے حوالے سے کوئی سرزنش نہیں ہو ئی،ذرائع

جمعرات 14 اپریل 2016 09:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14اپریل۔2016ء) پیپلز پارٹی کی کورکمیٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پانامہ لیکس کے معاملے پر نواز شریف سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیں کیونکہ فوج کے حوالے سے زرداری کے بیان پر نواز شریف نے ان سے ملنے سے انکار کیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں اکثر اراکین نے پانامہ لیکس ایشو پر وزیر اعظم کی سپورٹ کرنے کی مخالفت کر دی ہے اورکہا ہے کہ ن لیگ کی وجہ سے پہلے ہی پیپلزپارٹی کو شدید سیاسی نقصان ہوا ہے ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا معاملہ زیر بحث آیا پارٹی رہنماوٴں کی اکثریت نے رائے دی کہ آصف زرداری کی نواز شریف سے ملاقات نہیں ہو نی چاہیے کیونکہ اس ملاقات کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے پانامہ لیکس کے معاملہ پر وزیراعظم کو جوابدہ ہونا چاہئے آصف زرداری نے اسلام آباد میں پی پی فاٹا کی تقریب میں فوج کے حوالے سے سخت بیان دیا تھا جس کے بعد پریشر آنے پر نواز شریف نے ان سے ملاقات کرنے سے انکار کیا تھاذرائع نے مزید بتایا کہ کورکمیٹی کے اجلاس میں رحمان ملک کی اسحاق ڈار سے ملاقات اور پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیانات دینے کے حوالے سے کوئی سرزنش نہیں ہو ئی اس حوالے سے میڈیا پر آنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ چییرمین بلاول بھٹو نے سینٹر رحمان ملک کی سرزنش کی تھی۔