گورنرسندھ نے ہندومیرج بل پردستخط کردئیے،قانون فوری نافذالعمل ہوگیا

اتوار 10 اپریل 2016 10:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10اپریل۔2016ء)گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے ہندومیرج بل پردستخط کردئیے ہیں جن کے بعد اب یہ قانون فوری طورپرنافذالعمل ہوگیا ہے کہ سندھ اسمبلی نے 15فروری کومتفقہ طورپرہندومیرج بل منظورکرلیاتھاجس کے تحت اب تمام غیرمسلموں کی شادیاں مسلمانوں کی طرح رجسٹرڈ کی جائیں گی،ان کے مذہبی عقائد کے مطابق شادیوں کے قوانین لاگوہوں گے اس بل کے تحت غیرمسلم لڑکے یالڑکی کی شادی کی عمر18سال مقررکی گئی ہے اورشادی کے بعد 45دن تک متعلقہ یونین کونسل میں اس کی رجسٹریشن لازم ہے،اوراس بل کی منظوری کے بعد وہ غیرمسلم بھی اپنی شادی رجسٹرڈ کرواسکیں گے جن کی شادی بل کی منظوری سے قبل ہوئی تھی،گورنرسندھ کی جانب سے بل پردستخط کرنے کے بعد اب پیرکے روزسندھ اسمبلی کے اجلاس میں رسمی طورپرآگاہی دی جائے گی اوراسی روزصوبہ بھرمیں نافذ کردیاجائے گا،رابطہ کرنے پرفنکشنل مسلم لیگ کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرنندکمار نے کہا ہے کہ یہ تاریخی فتح کادن ہے اب زبردستی کی شادیاں نہیں ہوسکیں گی اوراب زبردستی مذہب بھی تبدیل نہیں کروایاجاسکے گا۔