پچارو اور لیموزین پر سفر کرنے والے اورنج لائن ٹرین جیسے انقلابی منصوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں،شہباز شریف،لینڈ مافیا مینجمنٹ سسٹم انقلابی قدم ہے، پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں، آپریشن ضرب عضب پر فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں، پنجاب پولیس نے بڑے کارنامے سرانجام دیئے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 10 اپریل 2016 10:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10اپریل۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پچارو اور لیموزین پر سفر کرنے والے اشرافیہ کے لوگ اورنج لائن ٹرین جیسے انقلابی منصوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں لینڈ مافیا مینجمنٹ سسٹم انقلابی قدم ہے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں آپریشن ضرب عضب فوج اور حکومت ایک پچ پر ہیں اور انہوں نے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے پنجاب پولیس نے بڑے کارنامے سرانجام دیئے ہیں ۔

سانحہ گلشن اقبال پارک دہشت گردی کا بدترین واقعہ تھا ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں میں عوام کی خدمت کے لئے کام کرتا ہوں اورنج لائن ٹرین منصوبہ عوام کے لئے ٹرین کا بہترین منصوبہ ہے اور اس عوامی منصوبے کی مخالفت اشرافیہ کر رہی ہے اشرافیہ کے بچے پجارو اور لیموزین میں سفر کرتے ہیں جبکہ غریب کے بچے ٹوٹی پھوٹی بسوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے پٹواری کلچر کے خاتمہ کیا ہے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم تاریخی اور انقلابی قدم ہے پٹواری اور تحصیل دار لوگوں کو لاکھوں روپے رشوت لے کرکاپی دیتے تھے آج ہر شخص کپمیوٹر سے کاپی نکال سکتا ہے انہوں نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کے بعد ملتان میں بھی میٹروبس منصوبہ مکمل ہونے جا رہا ہے اور اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد ملتان کے عوام کو بھی ٹوٹی پھوٹی بسوں پر سفر نہیں کرنا پڑے گا اور وہ ایک آرام دہ سفر کریں گے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں لاہور میں جنوبی ایشیاء کی بہترین فرانزک لیب موجود ہے جنوبی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کریں گے چولستان میں بھی اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں فوج اور حکومت ایک پچ پر ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس نے آپریشن میں بڑے کارنامے سرانجام دیئے ہیں حکومت اور فوج کو مل کر دہشت گردی کے چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک دہشت گردی کا بدترین واقعہ تھا ہمیں ایسے واقعات پر پوائنٹ سکورنگ کی بجائے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اور دہشت گردی کا آخر تک مقابلہ کر کے اسے شکست دینا ہو گی ۔