امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کا اعلیٰ وفد ایران کا دورہ کریگا،مختلف ایرانی فضائی کمپنیوں کے ساتھ بوئنگ کے ممکنہ کاروباری تعاون کا جائزہ لیا جائے گا

اتوار 10 اپریل 2016 11:15

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10اپریل۔2016ء)امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد عنقریب ایران کا دورہ کرے گا، جس دوران مختلف ایرانی فضائی کمپنیوں کے ساتھ بوئنگ کے ممکنہ کاروباری تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ بات ایرانی حکام نے تہران میں بتائی۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق بوئنگ کے ماہرین اور اعلیٰ عہدیداروں کے وفد کے اس دورے کے دوران ایران کی قومی ایئر لائن ایران ایئر اور دیگر مقامی فضائی کمپنیوں کے نمائندے اس وفد سے مذاکرات کریں گے۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ مارچ میں ایران میں شہری ہوا بازی کی ملکی تنظیم کے سربراہ علی عابد زادہ نے کہا تھا کہ ایران ممکنہ طور پر بوئنگ کے ساتھ اس کے تیار کردہ ہوائی جہازوں کی خریداری کا ایک معاہدہ طے کرنے والا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس امریکی شہر شکاگو میں قائم طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کی طرف سے ایک سے زائد مرتبہ یہ کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران ایران کو طیارے بیچنے کا کوئی معاہدہ طے نہیں پائے گا بلکہ اس دوران تہران میں حکام کے ساتھ بات چیت میں صرف ’ایرانی فضائی بیڑے کی منصوبہ بندی سے متعلق امکانات‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایران کی سرکاری ایئر لائن ایران ایئر تہران کے خلاف بین الاقوامی اقتصادی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد سے یورپی طیارہ ساز کنسورشیم ایئربس کے ساتھ پہلے ہی 118 مسافر بردار طیاروں کی خریداری کے معاہدے کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :