برطانوی آ ل راوٴنڈر بین سٹوکس کی والدہ کی ریڈیو سے گفتگو انہیں بتائے بغیر آن ایئرکر دی گئی، ریڈیو سٹیشن میرے بیٹے پر تنقید تو کررہا ہے یہ نہیں بتا رہا ہے دنیا بھر سے کتنے کھلاڑیوں کے حمایت میں پیغام آئے ، والدہ ، شکایت پر آن ائر گفتگو چلانے پر انتظامیہ نے دو ریڈیو میزبانوں کو فوری طور پر معطل کردیا

جمعرات 7 اپریل 2016 10:28

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7اپریل۔2016ء) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی جانب سے جیتا ہوا میچ ویسٹ انڈیز کی جھولی میں ڈالنے والے بین سٹوکس ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ۔ نیوزی لینڈ کے ایک ریڈیو سٹیشن کے میزبانوں نے برطانوی آل راوٴنڈر بین سٹوکس کی والد ہ کی گفتگو انہیں بتائے بغیر آن ایئر کر دی۔ ریڈیو ہراکی کے میزبان جیریمی ویلز اور میٹ ہیلز ورلڈ ٹی ٹونٹی کے فائنل میں بین سٹوکس کو کارلوس براتھویٹ کے ہاتھوں پڑنے والے 4چھکوں پر گفتگو کررہے تھے جب بین سٹوکس کی والد ہ اور سابق کیوی کرکٹر ڈیبورہ سٹوکس نے ریڈیو سٹیشن فون کرکے اپنے بیٹے کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں اپناموقف دیا ،اس وقت انہیں یقین دلایا گیا کہ انکا موقف آف ایئر لیا جارہا ہے تاہم حقیقت اس کے برعکس تھی۔

(جاری ہے)

غصے میں بھری ڈیبورہ سٹوکس نے ریڈیو سٹیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ انکے بیٹے پر تنقید تو کررہے ہیں تاہم یہ نہیں بتا رہے کہ اسے دنیا کے کتنے بہترین کھلاڑیوں کی جانب سے حمایت کے پیغام آئے ہیں ، تنقید کرنے والے میزبان کبھی انکے بیٹے سے نہیں ملے اور نہ ہی اسے جانتے ہیں ،اگر انہوں نے دنیا بھر سے بین کی حمایت میں موصول ہونے والی پیغامات پڑھ لیے ہوتے تو وہ ایسی حرکت نہ کرتے۔اپنا موقف دینے کے بعد جب ڈیبورہ کو علم ہوا کہ انکی گفتگو آن ایئر گئی تھی تو انہوں نے ریڈیو سٹیشن سے شکایت کرڈالی جس پر دونوں ریڈیو میزبانوں کو معطل کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :