محکمہ موسمیات کی لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں رواں ہفتہ بارشوں کی پیش گوئی

جمعرات 7 اپریل 2016 10:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7اپریل۔2016ء)محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں رواں ہفتہ بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔بدھ کے روز ”اے پی پی “ سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بتایا کہ ہفتہ اوراتوار کے دوران لاہور ڈویژن سمیت ڈی جی خان، ڈی آئی خان،ملتان،ساہیوال اورفیصل آباد میں بھی چند مقامات پر تیز ہوا ؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ جمعہ کی شام سے اتوارکے دوران شمال مشرقی بلوچستان کوئٹہ، ژوب، قلات،نصیر آباد، سبی ڈویڑن میں کہیں کہیں تیز ہوا ؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جار ی رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، قلات ،مالاکنڈ، ہزارہ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ڈویڑن، فاٹا، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم لاہور ، فاٹا، مالاکنڈ کوئٹہ ، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویڑن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیزہوا ؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخواہ:پارہ چنار 32،میرکھانی 08، دروش06، دیر 05،چترال01۔پنجاب:ملتان08،جھنگ ، گوجرانوالہ 04، سیالکوٹ کینٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ02، مری، سیالکوٹ ائرپورٹ، ڈی جی خان01۔گلگت بلتستان :گلگت ہنزہ 02 ، استور 01۔بلوچستان: بارکھان 07، کشمیر : راولاکوٹ میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔بدھ کے روز سب سے زیادہ گرمی چھور میں پڑی ۔جہاں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔اسی طرح شہید بینظیر آباد37، حیدر آباد، مٹھی،میرپور خاص، پڈعیڈن میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :