آزادکشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کسی سے اتحاد نہیں کرے گی ،ہ 41حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے، نواز شریف، مسئلہ کشمیر کو اقتدار سنبھالتے ہی اقوام متحدہ کے فورم پر لے کر گئے ،یہ مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے،آزادکشمیر میں بھی تعمیر و ترقی کی وہی رفتار چاہتے ہیں جو اس وقت پاکستان میں موجود ہے،مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے پارلیمانی بورڈ اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 اپریل 2016 09:52

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7اپریل۔2016ء)وزیر اعظم پاکستان صدر مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کسی سے اتحاد نہیں کرے گی بلکہ 41حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے ۔مسئلہ کشمیر کو اقتدار سنبھالتے ہی اقوام متحدہ کے فورم پر لے کر گئے اور یہ مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے ۔

آزادکشمیر میں بھی تعمیر و ترقی کی وہی رفتار چاہتے ہیں جو اس وقت پاکستان میں موجود ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز دورہ مظفر آباد کے موقع پر راجہ فاروق حیدر خان کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرراجہ ظفر الحق،سردار سکندر حیات ،راجہ فاروق حیدر خان ،چوہدری طارق فاروق،شاہ غلام قادر،وفاقی وزراء اور دیگر اراکین پارلیمانی بورڈ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مکمل اتفاق و اتحاد کے ساتھ الیکشن میں جائے گی اور جماعت کی کامیابی اتحاد و اتفاق سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ جلد ازجلد امیدواروں کے انٹرویوز شروع کرے تاکہ امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں جا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تعمیر و ترقی کی جس شاہراہ پر گامزن کیا ہے ہماری خواہش ہے کہ آزادکشمیر کے اندر بھی تعمیر وترقی اسی رفتار سے شروع کی جائے ۔

میاں نواز شریف نے کہا ہم نے 3سال قبل جب حکومت سنبھالی تو مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے فورم پر لے کر گئے اس سلسلہ میں حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے اوپر اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق چاہتے ہیں ۔قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان کا ہیلی پیڈ پہنچنے پرلیگی قیادت اور چیف سیکرٹری ،آئی جی پی،انتظامی آفیسران نے پر تپاک استقبال کیا