اسامہ پیسوں کو سونے میں ڈھال کر محفوظ رکھنا چاہتا تھا ، سی آئی اے

جمعرات 7 اپریل 2016 10:42

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7اپریل۔2016ء)امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ دستاویز میں انکشاف کیا ہے کہ سامہ بن لادن پیسوں کو غیر ملکی کرنسی اور سونے کے سکوں میں تبدیل کروا کر محفوظ رکھنا چاہتا تھا ۔ یہ انکشاف ابیٹ آباد میں اسامہ کے کمپاؤنڈ پر امریکی فوج کے چھاپے کے دوران مبینہ طور پر برآمد دستاویز کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

القاعدہ کے منیجر عطیہ عبدالرحمان کو دسمبر 2010 میں لکھے گئے خط میں اسامہ بن لادن نے اسے ہدایت کی تھی کہ تاوان سے حاصل رقم کا بڑا حصہ سونے کے سکوں ، کویتی دینار ، یورو اور چینی ین کرنسی خریدنے میں استعمال کیا جائے ۔یہ بھی کہا گیا تھا کہ سونا اعتماد کے شخص سے خریدا جائے اور دس تولے کے سکوں کی صورت میں لیا جائے اور ان میں سے چند کو مارکیٹ میں بیچ کر اصلی ہونے کا بھی یقین کیا جائے اسامہ نے اعتماد کے شخص سے سونا خریدنے کی ہدایت کرتے ہوئے عطیہ سے کہا تھا کہ سنا ہے کہ تمہارے معاون کا پشاور میں کوئی بروکر جاننے والا ہے ۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق اسامہ کا خیال تھا کہ سونے کی قیمت تین ہزار ڈالر فی اونس تک جائے گی اسی لئے اسامہ نے منیجر کو ہدایت کی تھی کہ اگر ضرورت پڑے تب بھی پہلے غیر ملکی کرنسی اور سب سے آخر میں سونا بیچا جائے ۔ امریکی اخبار کے مطابق اسامہ بن لادن کے اندازے غلط نکلے سونے کی قیمت تین ہزار نہیں ایک ہزار 9 سو ڈالر فی اونس تک ہی جا پائی تھی۔