شہبازشریف سے کورکمانڈرلاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کی ملاقات،ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،مربوط سکیورٹی میکنزم اور پہلے سے کارفرما سول ملٹری جوائنٹ آپریشنز کوآرڈی نیشن سینٹرزکو مزیدموثربنایا جائے گا،آرمی‘ رینجرز‘ سی ٹی ڈی اور پولیس کے اشتراک سے دہشت گردنیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

بدھ 6 اپریل 2016 09:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کورکمانڈرلاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔میٹنگ میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مربوط سکیورٹی میکنزم اور سول ملٹری جوائنٹ آپریشنز کوآرڈی نیشن سینٹرجو کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پہلے ہی کام کر رہاہے کو مزیدموثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خاص طور پر گلشن اقبال میں ہونے والے حالیہ خودکش حملے کے تناظر میں دہشت گردی کے خلاف منظم اور مربوط کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے درمیان ملاقات میں صوبہ بھر میں جاری آپریشنز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور آرمی ‘ پاک رینجرز‘ سی ٹی ڈی اور پولیس کے درمیان مضبوط اشتراک کار کے ذریعے تمام دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ تمام متعلقین کی بھرپور معاونت کے ساتھ پنجاب بھر میں انسداددہشت گردی کے لئے کاوشوں کو مزیدموثر بنانے کے عزم کے ساتھ اجلاس اختتام پذیرہوا۔

متعلقہ عنوان :