امریکا پاکستان کو جدید ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا

بدھ 6 اپریل 2016 10:37

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6اپریل۔2016ء) امریکاپاکستان کو جدید ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔ ا مریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے میں اس خبر کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی حکام نے ہیلی کاپٹر بنانے والی کمپنی، بیل ہیلی کاپٹرز کو پاکستان کے لئے مذکورہ جنگی ہیلی کاپٹر تیار کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

ہیلی کاپٹر دیئے جانے کے اس کنٹریکٹ کی مالیت17 کروڑ،01 لاکھ73 ہزار ڈالر بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ دفاع کے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹروں کی تیاری کا کام ستمبر2018 تک مکمل ہو گا۔واضح رہے کہ یہ اے ایچ ون زیڈ دو انجن والا ہیلی کاپٹر ہے جو اے ایچ ون ڈبلیو سپر کوبرا ہیلی کاپٹر کا ترقی یافتہ ماڈل ہے اور250 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر بھاری میزائل لے جانے اور حملہ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے اور426 میل کی حدود میں ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔رواں برس کے شروع میں امریکانے پاکستان کو700 ملین ڈالر مالیت کے آٹھ ایف سولہ جنگی طیاروں کی فروخت کی بھی منظوری دی تھی ۔

متعلقہ عنوان :