صدرکی سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی، انفراسٹکچر، زراعت اور لائیواسٹاک میں سرمایہ کاری کی دعوت،سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان بھر پور طریقے سے اس کا ساتھ دے گا،سعودی عرب کے پارلیمانی وفد سے بات چیت

بدھ 6 اپریل 2016 10:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6اپریل۔2016ء)صدر مملکت ممنون حسین نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی، انفراسٹکچر،زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مدعو کیا ہے۔صدر مملکت نے یہ بات سعودی عرب کے پارلیمانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے منگل کو ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی وفد کی قیادت سعودی شوریٰ کونسل کے چیرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد، بن ابراہیم الشیخ کر رہے تھے۔

اس موقع قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار، ایاز صادق، وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام سعودی شاہی خاندان کا بے پناہ احترام کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ملک عقیدے،تاریخ اور ثقافتی رشتوں میں منسلک ہیں اور وہ بین الاقوامی فورموں پر عالمی اور علاقائی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو دونوں برادر مملکت کے درمیان تعلقات میں گہرائی پیدا کر رہی ہے اور ان کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی افرادی قوت رکھنے والا ملک ہے جس سے سعودی عرب کی ترقی میں مدد لی جا سکتی ہے۔صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی مسلح افواج کے بہت سے افسروں نے پاکستان کے دفاعی اداروں میں تربیت حاصل کی ، پاکستان دیگر اسلامی ملکوں کو بھی اس سہولت کی پیش کش کرتا ہے۔

صدر مملکت نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف35 ملکی فوجی اتحاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان بھر پور طریقے سے اس کا ساتھ دے گا۔ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ ، چیرمین شوری کونسل نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب اور تہذیب کے مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں سعودی عرب پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے حکومت پاکستان اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔

متعلقہ عنوان :