شوگر مل مالکان نے چینی کی برآمد پر مزید سبسڈی مانگ لی،حکومت کی جانب سے چینی کیبرآمد 13 روپے فی کلو سبسڈی دینے سے شوگر مل مالکان نے چار ماہ کے دوران اربوں روپے بٹورے، حکومت کی جانب سے برآمد کی اجازت ملنے کے بعد رمضان المبارک میں چینی کی قیمتوں میں دس روپے تک اضافہ متوقع،ذرائع

پیر 4 اپریل 2016 10:19

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اپریل۔2016ء) شوگر مل مالکان نے اربوں روپے کمانے کے باوجود حکومت سے چینی کی برآمد پر مزید سبسڈی مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق شوگر مل مالکان نے چینی کی برآمد پر سبسڈی عالمی ریٹ کے مطابق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس سے مقامی سطح پر چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد 13 روپے فی کلو کے حساب سے سبسڈی دینے سے شوگر مل مالکان نے چار ماہ کے دوران اربوں روپے بٹورے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ مقامی مارکیٹ میں چینی کے ریٹ میں گزشتہ چار ماہ کے دوران پندرہ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے برآمد کی اجازت ملنے کے بعد رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمتوں میں دس روپے تک اضافہ متوقع ہے جس سے چینی کی قیمتیں 75 سے 80 کے درمیان پہنچ جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کیمطابق شوگر مل مالکان پانچ لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا ہدف بھی پورا نہیں کر سکے ہیں ابھی تک ایک لاکھ 98 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی جاسکی ہے جس میں زیادہ تر چینی افغانستان کو برآمد کی گئی ہے ملک میں چینی کی جائزہ صورتحال کے حوالے سے 25 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں شوگر مل حکام نے چینی کی قیمتوں پر سبسڈی انٹرنیشنل ریٹ کے مطابق فراہم کرنے اور چینی کی برآمدات میں 30 جون تک توسیع دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس وقت عالمی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 460 ڈالر فی میٹرک ٹن ہے۔

متعلقہ عنوان :