اسلام آباد، مئیر و ڈپٹی مئیر ز کے اختیار ات کا نوٹیفکیشن ایک ہفتہ تک جاری ہونے کا امکان ،وزارت داخلہ کو کمیٹی کی رپورٹ پیش ،سی ڈی اے کے 28ڈیپارٹمنٹ ضلعی حکومت کو دینے کا فیصلہ

پیر 4 اپریل 2016 10:15

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اپریل۔2016ء)میٹرو پولٹن کے مئیر و ڈپٹی مئیر ز کے اختیار ات کا نوٹیفکیشن ایک ہفتہ تک جاری ہونے کا امکان ہے ۔وزارت داخلہ کو کمیٹی نے رپورٹ پیش کر دی ،سی ڈی اے کے 28ڈیپارٹمنٹ ضلعی حکومت کو دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو وزارت داخلہ ذرائع نے بتایا کہ جوائنٹ سیکرٹری کی صدارت میں وزارت نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں چیئرمین سی ڈی اے ،ممبر ایڈمن سی ڈی اے ،وکلا اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شامل تھے جنہوں نے مئیر و ڈپٹی مئیرز کے اختیارات کا تعین کرنا تھا ،کمیٹی نے رپورٹ گزشتہ ہفتہ وزارت داخلہ کو پیش کر دی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ میں مئیر کے اختیارات میں ابھی تعین کرنا باقی ہے جس کے باعث اب تک نوٹفکیشن کا اجرا نہیں ہو سکا ہے ۔

رواں ہفتہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رپورٹ آنے کے بعد اختیارات کا باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ سی ڈی اے کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے اور 28ڈیپارٹمنٹ ضلعی حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔