سعودی عرب میں پیٹرولنگ پولیس کی گاڑی پر بم حملہ،ایک غیر ملکی ہلاک،داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

پیر 4 اپریل 2016 10:35

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اپریل۔2016ء)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے رہائشی علاقے میں پیٹرولنگ پولیس کی گاڑی پر بم حملوں میں ایک غیر ملکی ہلاک ہوگیا،داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ریاض کے رہائشی علاقے میں قائم پولیس پر ہونے والے بم حملوں میں ایک غیر ملکی ہلاک ہوگیا ۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ریاض کے رہائشی علاقے خارج کے پولیس اسٹیشن کے قریب ایک سیکیورٹی ادارے کی ایک پیٹرولنگ پر معمور گاڑی کو بموں سے نشانہ بنایا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ نے ہلاک ہونے والی غیر ملکی کی قومیت ظاہر نہیں کی ہے تاہم کہا ہے کہ حملے میں سیکیورٹی ادارے کی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔مذکورہ حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے داعش نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر جاری بیان میں کہا کہ دو دھماکا خیز آلات کے ذریعے پولیس کی تین گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔خیال رہے کہ داعش نے اس سے قبل سعودی سیکیورٹی فورسز پر حملوں، دھماکوں اور فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس میں ملک کے ایک اقلیتی گروپ کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔