”را“ پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی‘ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے‘ پرویز رشید ، موجودہ حکومت کی 3 سالہ کامیابیاں مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی ہیں،حکومت نے جو قانون بنایا ہے وہ ماں‘ بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کے لئے ہے ،جو اس کی مخالفت کر رہے ہیں وہ اپنی عورتوں کی عزت نہیں کرتے‘ بیٹیوں کے حقوق کے لئے ہمارے پیارے نبی نے واضح حکم دیا ہے، دہشتگردی کے خلاف فورسز نے جو قربانیاں دیں ہیں اس کو سراہتے ہیں، امریکی صدر نے بھی دہشگردی کے خلاف کوششوں کو سراہا ہے،میڈیا سے گفتگو

پیر 4 اپریل 2016 10:23

فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی‘ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے‘ موجودہ حکومت کی 3 سالہ کامیابیاں مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی ہیں‘ حکومت نے جو قانون بنایا ہے وہ ماں‘ بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کے لئے ہے اور جو اس کی مخالفت کر رہے ہیں وہ اپنی عورتوں کی عزت نہیں کرتے‘ بیٹیوں کے حقوق کے لئے ہمارے پیارے نبی نے واضح حکم دیا ہے۔

دہشتگردی کے خلاف فورسز نے جو قربانیاں دیں ہیں اس کو سراہتے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما نے بھی دہشگردی کے خلاف کوششوں کو سراہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مسلم لیگ ن نے دھرنوں‘ مارچ سمیت بہت سارے لوگوں کا مقابلہ کیا ہے کلبھوشن کے معاملے پر بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

تنقید کرنے والے ملک کو 2013ء کی صورتحال پر لے جانا چاہتے ہیں‘ الزامات لگانے والے ملک کی ترقی نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پاکستان کی بات کی۔ نیشنل ایکشن پلان ایک جامع منصوبہ ہے جس پر کام جاری ہے۔ نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے دہشتگردی کے خلاف قومی مفاہمت پیدا کی۔وفاقی وزیر اطلعات کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں سراہتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو امریکی صدر باراک اوباما سمیت افغانستان اور بھارت بھی تیسلیم کرتے ہیں۔ فوج‘ خفیہ ادارے‘ پیرا ملٹری فورسز نے مل کر جنگ کا عزم کیا ہوا ہے۔

کراچی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام آج بہت پرسکون ہیں۔ شہری خود بول رہے ہیں کہ کراچی میں امن آیا ہے۔ حقوق نسواں بل پر سختی سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ موجودہ مذہبی قائدین کے بزرگوں نے آئین پاکستان بنایا تھا ملک کا ہر قانون آئین کے دائرے کار میں رہ کر بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے نبی کے بیٹیوں کے حقوق کے لئے واضح حکم دیا ہے۔

انہوں نے بیٹیوں کو زندہ دفنانے سے منا کر دیا تھا۔ موجودہ حکومت نے قانون بنایا ہے جو ماں بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کے لئے ہے جو حقوق نسواں قانون سے ڈر رہے ہیں وہ اپنی عورتوں کی عزت نہیں کرتے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار موجود ہ حکومت نے آئین شکنی کا مقدمہ عدالت بھجوایا اور آئین شکنی مقدمے میں کوئی ذاتی عناد شامل نہیں تھی۔

متعلقہ عنوان :