وزیر اعظم نواز شریف کو وزارت کھیل کا لکھا گیا خط سیاست کی نذر ،خط میں پی سی بی کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی

اتوار 3 اپریل 2016 11:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3اپریل۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف کو وزارت کھیل کا لکھا گیا خط سیاست کی نذر ہوگیا ہے ، خط میں وزیر اعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی حالیہ مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد وزارت کھیل نے وزیر اعظم نواز شریف کو ایک خط لکھ کر سفارش کی گئی تھی کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر تحلیل کرکے سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کو نگران سربراہ بنا کر نئے انتخابات کرائیں کیوں کہ پی سی بی حکام کرکٹ کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں تاکہ کرکٹ کا مسئلہ حل ہوسکے تاہم وزیر اعظم نواز شریف جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں ، نے وزارت کھیل کے ذرائع کے مطابق ماجد خان کو نگران مقرر کرنے کی تجویز اس لیے مسترد کردی کیوں کہ ماجد خان قومی ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے قریبی عزیز ہیں۔

اب وزارت کھیل نے وزیر اعظم کو ایک اور خط لکھ کر اس معاملے کو جلد سے جلد حل کرنے کی درخواست کی ہے۔