فیصل آباد،ساہیانوالہ موٹروے انٹر چینج پر ٹریفک حادثے میں لیگی ایم این اے رانا افضل اور خاتون ایم پی اے ڈاکٹر نجمہ افضل کے دو قریبی عزیز ڈاکٹرز کی ہلاکت، حادثے کی وجہ سے رانا محمدافضل کی خوشدامن اور ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل کی والدہ صدمہ سے چل بسیں، شادی کی تقریب ملتوی کر دی گئی

اتوار 3 اپریل 2016 10:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3اپریل۔2016ء)ساہیانوالہ موٹروے انٹر چینج پر ٹریفک حادثے میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا افضل اور خاتون ایم پی اے ڈاکٹر نجمہ افضل اور سابق آئی جی پنجاب وسندھ پولیس میجر ضیاالحسن کے دو قریبی عزیز ڈاکٹرز کی ہلاکت کے بعد شادی کی تقریب ملتوی کر دی گئی جبکہ اس المناک حادثے کی وجہ سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمدافضل کی خوشدامن اور ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل کی والدہ صدمہ سے چل بسی ‘خبر رساں ادارے کے مطابق تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ موٹروے انٹر چینج کے قریب مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا افضل خاں اور خاتون ایم پی اے ڈاکٹر نجمہ افضل کے دو کزن آسٹریلین نیشنلٹی ہولڈر ڈاکٹر مقصود الحسن اور امریکن نیشنلٹی ہولڈر ڈاکٹر اعجاز واپسی کے بعد کار پر اسلام آباد سے فیصل آباد آرہے تھے کہ ڈرائیور عرفان کو نیند آجانے کے باعث گاڑی سامنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں دونوں ڈاکٹر مقصود الحسن اور ڈاکٹر اعجاز احمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیور عرفان کو طبی امداد کیلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا ‘ساہیانوالہ پولیس نے بعدازاں موقع پر پہنچ کر دونوں گاڑیوں اور نعشوں کو قبضہ میں لیتے ہوئے پوسٹمارٹم کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کرکے ٹرک ڈرائیور کیخلاف کارروائی شروع کردی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمدافضل کی بھانجی کی آج شادی تھی جس میں آسٹریلین نیشنلٹی ہولڈر ڈاکٹر مقصود الحسن اور امریکن نیشنلٹی ہولڈر ڈاکٹر اعجاز شادی میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ ڈاکٹرز کی ہلاکت کے بعد شادی کی تقریب ملتوی کر دی گئی اس المناک حادثے کی اطلاع ملنے پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمدافضل کی خوشدامن اور ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل کی والدہ صدمہ سے انتقال کرگئیں۔