وزیر اعلیٰ نے شام کو بھی سانحہ گلشن اقبال پارک میں لقمہ اجل بن جانے والے افراد کے گھرجاکر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا،مالی امداد کے چیک دیئے،وزیر اعلیٰ کا زخمی ذوالفقار کے مفت علاج کی ہدایت ،صحتیاب ہونے تک پنجاب حکومت 25 ہزار روپے ماہانہ دے گی،گلشن اقبال پارک دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی عثمان کی ایک بہن کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان، آپ کا لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتا لیکن خونخوار بھیڑیو ں کا صفایا میری زندگی کا مشن بن چکا ہے،وزیر اعلیٰ کی عثمان کے والد گفتگو

بدھ 30 مارچ 2016 09:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30مارچ۔2016ء )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف منگل کی شام کو بھی گلشن اقبال پارک کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی رہائش گاہوں پر گئے اور اس دلخراش واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے غمزدہ خاندانوں سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا-وزیر اعلی پہلے سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق ہونے والی لڑکی شازیہ کے گھر بوستان کالونی گئے اورشازیہ کے والد محمد ریاض اور زخمی بھائی ذوالفقار سے اظہار تعزیت کیا-وزیر اعلی نے جاں بحق لڑکی کے درجات کی بلندی کے لئے دعابھی کی-وزیر اعلی نے شازیہ کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے-جب تک جان میں جان ہے خود دہشت گردوں کے خلاف لڑتا رہوں گا- جن وحشی درندوں نے بے گناہ لوگوں کا خون بہایا ہے ان سے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا- وزیر اعلی نے زخمی لڑکے ذوالفقار کے مفت علاج کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آپ صحتیاب نہیں ہو جاتے پنجاب حکومت آپ کو 25 ہزار روپے ماہانہ دے گی-وزیر اعلی نے جاں بحق ہونے والی بچی کے والد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بیٹی کے جاں بحق ہونے پر دلی صدمہ ہوا ہے - وزیر اعلی نے جاں بحق ہونے والی لڑکی کے والد کو مالی امداد کا چیک بھی دیا- بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گلشن اقبال پارک دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی عثمان کے گھر سنگھ پورہ چائنہ سکیم گئے اور اندوہناک واقعہ میں والدین کا اکلوتا سہارا چھن جانے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا- جاں بحق عثمان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی-وزیر اعلی جاں بحق ہونے والے عثمان کی والدہ اور پانچ بہنوں سے عثمان کی باتیں سن کر آبدیدہ ہو گئے-وزیر اعلی نے لواحقین کو مالی امداد کا چیک دیااورجاں بحق عثمان کی ایک بہن کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا- وزیر اعلی نے عثمان کے بیمار والد کے مفت علاج کی ہدایت بھی کی -اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ میں اپنے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا - جنہوں نے یہ ظلم کیا ہے انہیں حساب بھی دینا ہو گا- انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے اپنی جان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کروں گا- انہوں نے عثمان کے والد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتا لیکن خونخوار بھیڑیو ں کا صفایا میری زندگی کا مشن بن چکا ہے ۔