ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تو کیا ہوا ،ایک روز جنوبی افریقہ ورلڈ کپ جیت جائے گی ، ہاشم آملہ

منگل 29 مارچ 2016 11:19

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29مارچ۔2016ء) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملا نے اپنی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ورلڈ ٹی20 سے باہر ہونے کے باوجود عزم ظاہر کیا ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کے بڑے کھلاڑی مستقبل قریب میں ٹیم کی کامیابیوں کے لیے پرامید ہیں۔جنوبی افریقہ نے 1991 میں کرکٹ میں واپسی کے بعد 1998 میں چمپیئنز ٹرافی کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کا کوئی عالمی مقابلہ نہیں جیتا۔

فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں پروٹیز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کے خلاف اپنے آخری میچ سے قبل ہی ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ہاشم آملا کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم کسی وقت ورلڈ کپ یا آئی سی سی کا ٹورنامنٹ جیتے گی، میرے خیال میں ہم 1998 میں جیت چکے ہیں۔حالیہ عرصے میں جنوبی افریقی سے فتوحات کچھ روٹھی رہی ہیں اور رواں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بھی انہیں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

آملا نے حالیہ شکستوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم بدقسمتی سے بْری صورت حال سے دوچار ہیں، بحیثیت ٹیم ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی’۔جنوبی افریقہ کو ہاشم آملا، اے بی ڈی ویلیئرز اور ڈیل اسٹین کی صورت میں ‘گولڈن جنریشن’ ملی ہے لیکن عالمی کپ جیتنے میں تاحال کامیاب نہیں ہو سکے تاہم آملا نے یقین دلایا کہ یہ ستارے جلد اچھا کریں گے۔

ون ڈے کرکٹ میں تیزترین چھ ہزار رنز بنانے والے بلے باز نے کہا کہ ہم میں سے اکثر کا خیال ہے کہ ہمارے کچھ سال باقی ہیں، اگلے سال چمپینز ٹرافی ہے اور اگر ہم ایسا کرسکے تو اگلے ورلڈ کپ میں یہ سازگار ہو گا’۔جنوبی افریقہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دباوٴ کا شکار ہو کر اہم مقابلوں میں شکست سے دوچار ہوتا رہا ہے جس کے باعث وہ چوکرز کے نام سے مشہور ہیں۔

آملا کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا میچ نہیں ملا جہاں ہماری بیٹنگ اور باوٴلنگ دونوں مسلسل کامیاب ہوئے ہوں اور یہی ہماری سب سے بڑی ناکامی ہے۔پروٹیز کے رواں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹرافی کے حصول کا خواب اس وقت چکنا چورہوا تھا جب انگلینڈ نے ان کے 230 رنز کے ہدف کو حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔جنوبی افریقہ کو افغانستان کے خلاف 37 رنز سے کامیابی نصیب ہوئی لیکن ویسٹ انڈیز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ انگلینڈ نے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر ان کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سفر کا اختتام کر کے سیمی فائنل کے لیے اپنی راہ ہموار کی۔

متعلقہ عنوان :