دہشتگردی جڑ سے اکھاڑنے تک آپریشن جاری رہیگا ، اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر جلاؤ گھیراؤ قبول نہیں،نواز شریف،عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ،حکومت نے صبرووتحمل کا مظاہرہ کیا لیکن اشتعال پھیلانے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،پاک سرزمین انسانیت کے دشمنوں کے لئے تنگ کردی، حکومت کے اقدامات سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی ہوئی، دہشتگردوں کو دوبارہ سر نہیں اٹھانے دینگے،قوم سے خطاب

منگل 29 مارچ 2016 09:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29مارچ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد مایوس ہوکر عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں قوم کے بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا ، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے تک آپریشن جاری رہے گا ، اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر جلاؤ گھیراؤ قبول نہیں ، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کو ہوا دینے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے گا ۔

پیر کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایسے موقع پر مخاطب ہوں جب ایک شرمناک سانحہ کے بعد پوری قوم رنج وغم میں مبتلا ہے ۔ گزشتہ چند ماہ میں دہشتگردوں نے معصوم جانوں کو نشانہ بنایا ہے اور دہشتگرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں وہ اپنی پناہ گاہوں سے محروم ہونے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے درسگاہوں اور عوامی مقامات پر آپہنچے ہیں انہوں نے کہا کہ میں آج تجدید عہد کرتا ہوں کہ خون کے آخری قطرے کا حساب ہونے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے افسوس کہ تیرہ سال تک کسی نے اس مسئلے کی طرف نہیں دیکھا اور ہم نے 2013ء میں آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ کیا فوج پولیس اور اداروں نے اس آپریشن کا آغاز کیا دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ہمارا دین محبت اخوت اور امن کا دین ہے ہمارے دین نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہمارے نبی ﷺ کے نام پر لاقانونیت جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان اور لوگوں کو مشکل میں ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے حکومت نے صبرووتحمل کا مظاہرہ کیا لیکن واضح رہے کہ اشتعال پھیلانے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا انہوں نے کہا کہ دہشتگردی عالمی چیلنج بن چکی ہے دنیا بھر کو دہشتگردی کے چیلنج کا سامنا ہے انسانیت کے دشمن ریاستی حدود سے نکل چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سرزمین انسانیت کے دشمنوں کے لئے تنگ کردی گئی ہے حکومت کے اقدامات سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے ہم دہشتگردوں کو دوبارہ سر نہیں اٹھانے دینگے کوئی دہشتگردی ہماری فصیل میں شگاف نہیں ڈال سکتا انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں بڑھتے ہوئے قدموں کو نہیں روک سکتیں ہم نے اندھیروں غربت جہالت کے خاتمے کی قسم کھائی ہے کوئی فتنہ اور سازش ہمیں پیش قدمی سے نہیں روک سکتی ہم باہمی اتحاد اور پختہ عزم سے اپنا سفر جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول اور باچا خان یونیورسٹی آج بھی علم کی روشنی بانٹ رہے ہیں ہم سنجیدگی سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں جن پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے ہم ترقی کا عظیم مشن جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ دہشتگر دجہاں اور جس بھیس میں چھپے ہیں بچ نہیں سکتے سانحہ گلشن اقبال میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افراد ورثاء کے دکھ کو محسوس کیاجاسکتا ہے پنجاب حکومت کو زخمیوں کے بہتر علاج کی ہدایات جاری کردی ہیں زخمیوں سے ملاقات میں میرا عزم اور بھی مضبوط ہوا ہے ان کی مسکراہٹیں واپس آنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا انہوں نے ڈاکٹروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے منہ سے ڈاکٹروں کی تعریف سنی میڈیا بدامنی پھیلانے والے دہشتگردی کیخلاف قوم کی آواز میں آواز ملائیں