پٹھان کوٹ حملہ :3 الرٹس جاری کیے،کسی نے توجہ نہیں دی ، بھارتی پولیس

پیر 28 مارچ 2016 10:21

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28مارچ۔2016ء)پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے ایک بھارتی پولیس افسر نے انکشاف کیا ہے کہ حملے سے ایک ماہ قبل 3بار الرٹس جاری کیے گئے تھے تاہم ان پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔یہ انکشاف ایک بھارتی اخبار نے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی جانب سے اعلیٰ افسر کو لکھے گئے خط کے حوالے سے کیا ہے۔24 صفحات پر مشتمل یہ خط اے ڈی جی پی روہیت شرما نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سریش اروڑا کو 25 جنوری کو تحریر کیا۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ پٹھان کوٹ پر حملے سے ایک ماہ قبل ہی محکمے کو ممکنہ حملے کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا تھا۔ اس الرٹ میں علاقے میں موجود 4مشتبہ افراد کے بارے میں بھی بتایا گیا تھا۔ تاہم پولیس کی جانب سے ان الرٹس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ، نہ کوئی بھارتی سیکورٹی فورس اور آرمی کی جانب سے مشترکہ آپریشن کی کوئی منصوبہ بندی کی گئی۔خط میں کہا گیا ہے کہ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ یہ چاروں مشتبہ افراد پٹھان کوٹ حملے میں شامل تھے۔