وزیراعلیٰ پنجاب کے بغیر پیشگی اطلاع قصور کے نواحی دیہات میں اینٹوں کے بھٹوں پرچھاپے، چائلڈ لیبر پر بھٹہ مالک گرفتار،معصوم بچوں کے ہاتھوں میں اینٹ گارا نہیں، قلم کتاب دیں گے:شہبازشریف، کسی کو قوم کے مستقبل کو چند کوڑیوں کے عوض گروی نہیں رکھنے دیں گے، چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،وزیراعلیٰ کا کمہار والی میں بھٹے پر بچے کو کام کرتے دیکھ کر اظہار برہمی، بچے کو سکول داخل کرانے کا اعلان

پیر 28 مارچ 2016 10:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28مارچ۔2016ء )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف گزشتہ روز بغیر کسی پروٹوکول اور پیشگی اطلاع کے اچانک قصور کے نواحی دیہات میں اینٹوں کے بھٹوں پر پہنچ گئے اور بھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر قصور کے علاقے راجہ جنگ کے نواحی گاؤں میں کھیتوں میں اتار ا اور اس گاؤں میں موجود اینٹوں کے بھٹے کا دورہ کیا اور بھٹے پر کام کرنے والے مزدوروں سے بات چیت کی۔

وزیراعلیٰ نے ایک اور نواحی گاؤں کمہاراں والی کے کھیتوں میں اپنا ہیلی کاپٹر اچانک اتار لیا اور قریب میں واقع اینٹوں کے بھٹے پر پہنچ گئے۔ بھٹہ خشت پر ایک بچے طارق کو کام کرتے دیکھ کروزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور طارق نامی اس بچے کو سکول میں داخل کرانے کا حکم دیا اور بھٹہ مالک بابر بھٹی کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے قانون کے تحت کارروائی کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کے حکم پر متعلقہ پولیس نے چائلڈلیبر پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بھٹہ مالک کو فوری طور پر گرفتار کر لیا ہے۔وزیراعلیٰ نے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قوم کے مستقبل کو چند کوڑیوں کے عوض گروی نہیں رکھنے دوں گا۔ معصوم بچوں کے ہاتھوں میں اینٹ گارا نہیں، قلم اور کتاب دیں گے۔

بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو وسائل دے کر انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے۔ جب تک بھٹے پر کام کرنے والا آخری بچہ بھی سکول نہیں پہنچ جاتا چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بھٹوں کے اچانک دوروں سے بھٹوں پر سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے حوالے سے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں اور میں آئندہ بھی بھٹوں کے اچانک دورے جاری رکھوں گا۔

بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہو ں نے کہا کہ جس بھٹے پر بچوں سے مشقت لینے کی شکایت آئی تو سخت کارروائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے بہترین پیکیج دیا ہے۔ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے جبکہ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکول بھجوانے پر والدین کو 2 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم دلانا قومی مقصد ہے اور اس قومی مقصد کی تکمیل کیلئے بچوں کے والدین سمیت ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ بھٹوں پر کام کرنے والے بچو ں کی تعلیم کیلئے جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے، دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ سکول جانے والے بچے کو مفت یونیفارم، کتابیں، جوتے اور سٹیشنری دیں گے جبکہ دور دراز کے علاقوں کے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھٹوں پر بچوں سے مشقت لینے کے ظالمانہ نظام کا ہر صورت خاتمہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے مزدوروں اور بچوں کے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے آپ کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے جو شاندار پیکیج دیا ہے اس سے آپ فائدہ اٹھائیں اور بچوں کو تعلیم کیلئے سکول بھجوائیں کیونکہ یہ آپ کا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔

معصوم ہاتھوں میں اینٹ نہیں بلکہ کتاب ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر میں ملوث بھٹہ مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی اور اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کمسن بچوں سے بھٹوں پر مزدوری کرانا کسی طرح برداشت نہیں کیا جائے گا اور میں ذاتی طور پر چائلڈلیبر کے خاتمے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں ۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے قصور میں نجی شعبے میں لگائے جانے والے 30 میگاواٹ کے بائیوماس پاور پلانٹ کا دورہ کیا اور پلانٹ کے مختلف حصے دیکھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بائیوماس پاور پلانٹ کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری زراعت کو ہدایت کی کہ پنجاب بائیوماس کمپنی کے حکام بائیوماس سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے اس پاور پلانٹ کا دورہ کریں اور اس ضمن میں ٹھوس تجاویز دیں