بھارت نے پاکستان میں گرفتار نیوی افسر کل بھوشن دیو کو اپنا سپاہی تسلیم کرلیا،”را“ کے ایجنٹ کیلئے پاکستان سے قونصلر کی رسائی مانگ لی، بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری ،پاکستان کا عالمی برادری سے رابطہ ، امریکہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں بھارتی دراندازی کا معاملہ اٹھا دیا ،ایرانی صدر کو بھی بھارتی دراندازی سے متعلق آگاہ کیا گیا ،قومی سلامتی کے مشیرناصرجنجوعہ کابھارتی ہم منصب اجیت دودل کو ٹیلی فون، بلوچستان میں پکڑ ے گئے بھارتی جاسوس کی تفصیلات سے آگاہ کیا

ہفتہ 26 مارچ 2016 09:52

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26مارچ۔2016ء) بھارتی دفتر خارجہ نے پاکستان میں گرفتار نیوی افسر کل بھوشن دیو بھارتی سپاہی تسلیم کرلیا ہے۔ گرفتار”را“ کے ایجنٹ کیلئے پاکستان سے قونصلر کی رسائی مانگ لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان بھارتی دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں اپنے نیوی آفیسر کل بھوشن دیو کی گرفتاری کی تصدیق کرتا ہے ، گرفتار نیوی آفیسر نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لی تھی۔

بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ گرفتار ”را“ کے ایجنٹ کیلئے پاکستان سے قونصلر کی رسائی مانگ لی گئی ہے امید ہے بھارتی حکام کی ان سے ملاقات ہوسکے گی ۔ نیوی آفیسر سابقہ ملازم ہے جبکہ ان کا بھارتی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل بھوشن دیو بلوچستان میں تین مختلف ناموں سے کام کررہے ہیں حسن بلوچ‘ امداد الله ‘ بھوشن یادیو مبارک کے نام سے کام کر رہا تھا ، وہ بلوچ علیحدگی پسند تنظیم کو مالی امداد فراہم کرر ہا تھا ۔

(جاری ہے)

بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد پاکستان نے امریکہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں بھارتی دراندازی کا معاملہ اٹھا دیا ۔ ایرانی صدر کو بھی بھارتی دراندازی سے متعلق آگاہ کیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارتی دراندازی کا معاملہ اٹھائیں سیکرٹری خارجہ نے جرمنی ، امریکہ ، برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو بھارتی دراندازی سے متعلق آگاہ کیا ہے نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی صدر کو بھی بھارتی دراندازی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے جبکہ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرجنجوعہ نے بھارتی ہم منصب اجیت دودل سے ٹیلی فونک رابطہ ، بلوچستان میں پکڑے گئے بھارتی جاسوس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق قومی سلامتی کے مشیرلیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصرجنجوعہ نے بھارتی ہم منصب اجیت دودل سے ٹیلی فون پررابطہ کرکے انہیں بلوچستان میں دہشتگردوں کی معاونت اورجاسوسی کے الزام میں پکڑے جانے والے بھارتی نیوی افسرکے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں اپنی جاسوسی کانیٹ ورک ختم کرے ،بھارتی جاسوس کی سرگرمیاں دونوں ممالک کے تعلقات پرمنفی اثرڈالیں گی