آسٹریلوی جارح مزاج آل راؤنڈر شین واٹسن نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ،فٹنس مسائل کے باعث وہ کرکٹ جاری نہیں رکھ سکتے اس لئے آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ گزارا گیا 14 سالہ سفر ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اختتام پذیر ہوجائے گا، شین واٹسن، آل راؤنڈر نے 59 ٹیسٹ، 190 ایک روزہ اور 56 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی

جمعہ 25 مارچ 2016 09:39

موہالی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25مارچ۔2016ء) آسٹریلوی ٹیم کے جارح مزاج آل راوٴنڈر شین واٹسن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انتہائی اہم میچ آج کھیلا جائے گا جس سے قبل شین واٹسن کے اچانک ریٹائرمنٹ کے اعلان نے کئی سوالا ت کو جنم دے دیا ہے تاہم شین واٹسن کا کہنا ہے کہ فٹنس مسائل کے باعث وہ کرکٹ جاری نہیں رکھ سکتے اس لئے آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ گزارا گیا 14 سالہ سفر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد اختتام پذیر ہوجائے گا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شین واٹسن کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ گزشتہ ہفتے کرلیا گیا تھا اور مناسب وقت سمجھتے ہوئے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ 34 سالہ آل راوٴنڈر نے 59 ٹیسٹ، 190 ایک روزہ اور 56 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جب کہ ٹیسٹ میچ میں انہوں نے 5 ہزار 495، ون ڈے میں 6 ہزار 466 اور ٹی ٹوئنٹی میں 894 رنز بنائے۔ شین واٹسن نے ٹیسٹ میچز میں 75، ایک روزہ میچز میں 168 اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 46 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :