ڈاکٹر حضرات انسانیت کے مسیحا ہیں ان کا پیشہ کسی بھی عبادت سے کم نہیں، صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتا ہے ‘ مولانا طارق جمیل ،انہیں چاہئے وہ مریضوں سے خصوصی شفقت سے پیش آئیں تاکہ ان کی دلجوئی سے وہ جلد سے جلد صحت یاب ہو سکیں ،خدمت انسانیت ہی دین اسلام کا اصل فلسفہ ہے اور طب کے شعبہ سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت کرکے اپنی عاقبت کو سنوار سکتے ہیں، پنجاب میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں میڈیکل سٹوڈنٹس اور فیکلٹی ممبرز سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 09:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25مارچ۔2016ء)معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر حضرات انسانیت کے مسیحا ہیں ان کا پیشہ کسی بھی عبادت سے کم نہیں جو کہ ایک صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتا ہے ‘انہیں چاہئے وہ مریضوں سے خصوصی شفقت سے پیش آئیں تاکہ ان کی دلجوئی سے وہ جلد سے جلد صحت یاب ہو سکیں ،خدمت انسانیت ہی دین اسلام کا اصل فلسفہ ہے اور طب کے شعبہ سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت کرکے اپنی عاقبت کو سنوار سکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے پنجاب میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں میڈیکل سٹوڈنٹس اور فیکلٹی ممبرز سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج ڈاکر الفرید ظفر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق ڈھالنا چاہئے اور اتباع سنت کے تحت دوسروں کی مدد ہی ہمارا مقصد حیات ہونا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشے کو روز گار کے ساتھ غریب ‘ لاچار ‘ مستحق مریضوں کا سہارا بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹوڈنٹس کو الله تعالی نے طب کی تعلیم ‘ ٹیکنالوجی اور ہنر سے نوازتے ہوئے ان کے ہاتھوں میں شفاء رکھی ہے اور میڈیکل کی کٹھن تعلیم ان کے لئے الله کا انعام ہے جسے انہیں خدمت خلق کے لئے بروئے کار لانا چاہئے ۔

انہوں نے استاد کے رتبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معلم رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے لہذا وہ اپنے طالبعلموں بہترین تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اور متعلم اپنے اساتذہ کی عزت و احترام کو ملحوظ خاطر رکھ ۔ پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علماء دین رشد و ہدایت کا صحیح راستہ دکھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اعلی اخلاق اور شفقت ڈاکٹرز کا طرہ امتیاز ہونا چاہئے اور وہ دکھی انسانیت کی خدمت کرکے الله تعالی کی رضا اور آقائے دو عالم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی حاصل کریں یہی بہترین عبادت ہے

متعلقہ عنوان :