پاک بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات آئندہ ماہ بحال ہونے کا امکان،تاریخ کا تعین کرنے کے لئے اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان مشاورت جاری

جمعرات 24 مارچ 2016 10:48

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24مارچ۔2016ء) پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹری مذاکرات آئندہ ماہ بحال ہونے کا قوی امکان ہے اور اس سلسلے میں تاریخ کا تعین کرنے کے لئے اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان مشاورت جاری ہے دونوں ملکوں نے بات چیت کی بحالی پر اتفاق کر لیا ہے اور اس کا اعلان واشنگٹن میں ہند پاک وزرائے اعظم ملاقات کے بعد متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے بطور دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹری امسال جنوری کے مہینے میں ایک دوسرے کے ساتھ ملاقات کرنے والے تھے اور اس سلسلے میں بھارتی خارجہ سیکرٹری ایس جے شنکر کا دورہ اسلام آباد بھی طے کیا گیا تاہم دو جنوری کی صبح ریاست پنجاب کے جموں کشمیر اور ہما چل پردیش کے ساتھ ملنے والے علاقے پٹھانکوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر فدائین طرز کے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر تلخیاں پیدا ہوئی اور بات چیت پھر سے منسوخ کر دیگ ئی بھارت نے کہا تھا کہ اس نے پاکستان کو قابل عمل اور ٹھوس معلومات فراہم کی ہیں جبکہ پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو اس معاملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا پٹھانکوٹ حملے کے تناظر میں اگرچہ ہند پاک خارجہ سیکرٹری بات چیت بدستور تعطل کا شکار ہے تاہم اسلام آباد اور نئی دہلی کا کہنا ہیکہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور مذاکرات منسوخ نہیں بلکہ ملتوی کئے گئے ہیں ۔