ورلڈ ٹی 20 میں باؤلرز پر پابندی ، بنگلہ دیشی شائقین سڑکوں پر نکل آئے ، آئی سی سی کا علامتی پتلا بھی جلایا، سوشل میڈیا پر بھی بنگلہ دیشی شائقین کا پابندی پر شدید غم و غصے کا اظہا ر

منگل 22 مارچ 2016 08:54

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22مارچ۔2016ء) بنگلہ دیشی شائقین نے اپنی ٹیم کے دو صف اول کے باوٴلرز تسکین احمد اور عرفات سنی پر مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے سبب معطلی کے خلاف مظاہرہ کیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے سبب ہفتے کو بنگلہ دیشی فاسٹ باوٴلر تسکین احمد اور عرفات سنی کو معطل کردیا تھا جس کی وجہ سے اب وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بقیہ مقابلوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

ان دونوں باوٴلرز پر پابندی بنگلہ دیش کیلئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کسی دھچکے سے کم نہیں جسے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں 55 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دارالحکومت ڈھاکا میں کیے گئے مظاہرے میں شائقین کا کہنا تھا کہ آئی سی سی شرم کرو، تمہارا اقدام غیر قانونی ہے'آئی سی سی مستقل بن گہ دیشی جیسی چھوٹی ٹیموں کے ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے، تسکین اور عرفات پر پابندی اسی سازش کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کچھ نیا نہیں، ہندوستان، آسٹریلیا یا انگلینڈ کے خلاف کسی کھلاڑی پر مشکوک ایکشن کی وجہ سے پابندی عائد نہیں کی گئی جبکہ بنگلہ دیش جیسی ٹیموں کے متعدد کھلاڑیوں کو معطل کیا گیا۔ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مظاہرے میں کم از کم 100 افراد نے شرکت کی جس کے اختتام پر شرکا نے آئی سی سی کا علامتی پتلا بھی جلایا۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی بنگلہ دیشی شائقین نے باوٴلرز پر پابندی پر شدید غم و غصے کا مظاہرہ کیا۔