قومی ٹیم میں گروپ بندی کی خبریں ، مینجمنٹ متحرک ، ہوٹل میں ہی کھلاڑیوں سے میٹنگ کرکے آپس کے گلے شکوے دور کرادیئے گئے ، میٹنگ میں پہلے کھلاڑیوں کو موسیقی سے لطف اندوز کرنے کے ساتھ فلم بھی دکھائی گئی، ٹیم کا گلے شکوے دور کرکے متحد ہوکر کھیلنے کا عزم ،علم میں آیا ہے کہ کچھ جونیئر کھلاڑی سینئرز کی عزت نہیں کرتے جس کی وجہ سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وقار یونس ، ہمیشہ جونیئرز کو سپورٹ کیا ہے اور کئی جونیئرز کو سکینڈلز کی زد میں آنے کے باوجود فیور دیکر ٹیم میں لایا ، شاہد آفریدی ،کپتان آفریدی کے سیخ پا ہونے کے بعد ان کے سب سے قریبی دوست احمد شہزاد نے ان سے معذرت کرنے کیساتھ انہیں منا لیا، ٹیم میں کوئی سٹار نہیں ، اگر کوئی خود کو سٹار سمجھتا ہے تو پہلے میچز جتوائے اور پھر من مانیاں کرے، شعیب ملک، سینئرز کی عزت کریں کیوں کہ کل کو ان میں سے ہی کوئی کپتان بنے گا اور پھر مکافات عمل ہوسکتا ہے، محمد حفیظ

منگل 22 مارچ 2016 08:53

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22مارچ۔2016ء) قومی ٹی 20 ٹیم میں گروپ بندی کی خبریں سامنے آنے پر ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں سے میٹنگ میں آپس کے گلے شکوے دور کرادیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو میڈیا پر خبریں آئی تھیں کہ قومی ٹیم آفریدی اور شعیب ملک کے گروپوں میں بٹ چکی ہے جو اسکی مسلسل شکستوں کا باعث بن رہا ہے۔ میڈیا میں خبریں آنے کے بعد خواب غفلت میں پڑی مینجمنٹ کو بھی ہوش آیا اور ٹیم کو تاج ہوٹل کے کمرہ نمبر 530 میں میٹنگ کے لیے بلایا گیا۔

ساڑھے 8 بجے شروع ہونے والی میٹنگ میں پہلے کھلاڑیوں کو موسیقی سے لطف اندوز کرنے کے ساتھ ساتھ فلم بھی دکھائی گئی۔ میٹنگ کا آغاز ہیڈ کوچ وقار یونس نے کرتے ہوئے کہا کہ انکے علم میں آیا ہے کہ کچھ جونیئر کھلاڑی سینئرز کی عزت نہیں کرتے جس کی وجہ سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

غصے میں بھرے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ جونیئرز کو سپورٹ کیا ہے اور کئی جونیئرز کو سکینڈلز کی زد میں آنے کے باوجود فیور دیکر ٹیم میں لایا اور اب وہی کھلاڑی میری شکایتیں لگارہے ہیں ، آفریدی کا اشارہ عمر اکمل کی طرف تھا جنہوں نے پاک، بھارت میچ سے قبل عمران خان سے ملاقات میں کپتان اور ہیڈ کوچ کی جانب سے اوپر کے نمبروں پر نہ کھلانے کی شکایت کی تھی۔

کپتان آفریدی کے سیخ پا ہونے کے بعد ان کے سب سے قریبی دوست احمد شہزاد نے ان سے معذرت کرنے کیساتھ انہیں منا لیا ، ذرائع کے مطابق دونوں میں دورہ نیوزی لینڈ کے بعد سے بات چیت بند تھی اور احمد شہزاد آفریدی سے اختلافات کے بعد شعیب ملک کے گروپ میں شامل ہوگئے تھے تاہم دونوں گہرے دوستوں میں بول چال پھر سے شروع ہوگئی ہے۔ ٹیم میٹنگ سے اپنے خطاب میں آل راونڈر شعیب ملک نے کہا کہ اس ٹیم میں کوئی سٹار نہیں ، اگر کوئی خود کو سٹار سمجھتا ہے تو پہلے میچز جتوائے اور پھر من مانیاں کرے۔

محمد حفیظ نے جونیئرز سے گفتگو میں کہا کہ وہ سینئرز کی عزت کریں کیوں کہ کل کو ان میں سے ہی کوئی کپتان بنے گا اور پھر مکافات عمل ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم میٹنگ میں گلے شکوے کرنے کے بعد ٹیم نے ورلڈ ٹی 20 میں گروپ بندی سے گریز کرتے ہوئے اکٹھے ہوکر کھیلنے پر اتفاق کیا۔ ۔