جے یو پی نے تین رکنی اہل سنت تھنک ٹینک کا اعلان کردیا، اہل سنت مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں دیں گے، شیر کو بکری بنانا ہوگا، پیر اعجاز ہاشمی

پیر 21 مارچ 2016 10:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21مارچ۔2016ء )جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے اہل سنت جماعتوں کی مشاورت کے لئے تین رکنی تھنک ٹینک کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ضیاالحق اور ماڈل ٹاون نے جے یو پی کو توڑا، ورنہ نظام مصطفی نافذ کرکے اب اقتدار میں ہوتی۔غازی ممتاز قادری کی شہادت کے بعد اہل سنت مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں دیں گے۔

چھوٹے اور بڑے دونوں بھائی حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں، انہیں جانا ہوگا، اب کارکن شیر کو بکری بنائیں گے۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مفتی محمد خان قادری، مولانا احمد علی قصوری اور جسٹس (ر) نذیر غازی پر مشتمل تھنک ٹینک اہل سنت جماعتوں کو مشورے دے گا کہ انہیں آئندہ کے لئے کیا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتحاد اہل سنت کے لئے مخلصانہ کوششیں ہونی چاہیں۔

اس کے لئے جے یو پی کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ مارشل لا ایڈمنسٹریٹر ضیاالحق نے 1977ء کے عام انتخابات کے موقع پر جمعیت علما پاکستان کی کامیابی سے خائف ہوکر انتخابات ملتوی کروادیے اور توڑ کی بجائے موڑ کے ساتھی جے یوپی کے رہنماوں کو مجلس شوریٰ میں شامل کرکے اسلامی نظام کے نفاذ کا راستہ روکا اور جے یو پی کو نقصان بھی پہنچایا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جے یو پی کو تخریب کے ذریعے توڑنے کا عمل اب بھی جاری ہے،جس میں ماڈل ٹاون متحرک رہتا ہے، مسلم لیگ ن کے ایک رکن پنجاب اسمبلی کو ایک گروپ کا سیکرٹری جنرل بناد یا گیا۔ جبکہ کام کرنے والے کارکنوں کو فورتھ شیڈول میں ڈال کر ان کے لئے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :