وزیر اعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی ملاقات ، توانائی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال ،توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ میں خاطرخواہ کمی آئے گی،بجلی بھی سستی ملے گی،وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی مثال نہیں ملتی،دور آمریت میں پنجاب کے کرپٹ حکمرانوں نے ملک و قوم کے لئے کچھ نہ کیا ،وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہیں: :شہبازشریف کی وفاقی وزیر پانی و بجلی سے گفتگو

پیر 21 مارچ 2016 10:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز یہاں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور توانائی کے شعبہ میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے جتنے مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات اڑھائی برس میں کئے گئے اس کی مثال نہیں ملتی اور پنجاب سمیت ملک بھر میں توانائی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 36 ارب ڈالر تو انائی سیکٹر کے منصوبوں کیلئے ہیں اور پنجاب میں سی پیک کے تحت متعدد منصوبوں پر دن رات کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیارہ ماہ قبل گزشتہ برس اپریل میں چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران سی پیک کے تحت منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط ہوئے اور ستمبر میں ان منصوبوں پر کام کا آغاز ہو ا اور آج یہ منصوبے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

چائنہ پاک اکنامک کوریڈور کے تحت کوئلے ، سولر، ونڈاور ہائیڈل پاور کے منصوبے ملک بھر میں لگائے جا رہے ہیں جبکہ کمیونیکیشن ، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی لگ رہے ہیں۔ سی پیک کے تحت معاہدوں پر دستخطوں کے بعد تیز رفتاری سے منصوبوں پر عملدرآمد کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کول پاور پراجیکٹ میں 2.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جبکہ پورٹ قاسم میں بھی 1320 میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ کا منصوبہ اسی لاگت سے لگایا جا رہا ہے، اسی طرح بہاولپور میں 900 میگا واٹ کے سولر پاور پراجیکٹ میں بھی چین نے سرمایہ کاری کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600 میگا واٹ بجلی کے کارخانوں کے منصوبوں کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ سی پیک کے تحت چین کی توانائی کے منصوبوں میں 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے بجلی کی کمی کا مسئلہ حل ہو گا۔ ا نہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کی اور کئی ایک کرپشن کے سکینڈلز بھی سامنے آئے۔

دور آمریت میں پنجاب کے کرپٹ حکمرانوں نے ملک و قوم کے لئے کچھ نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہیں۔ توانائی منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے لئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں منصوبے شفاف طریقے سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ میں خاطرخواہ کمی آئے گی اور بجلی سستی بھی ملے گی اور اگلے برس کے آخر تک متعدد توانائی منصوبوں کی تکمیل سے مزید ہزار وں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہو گی۔