ایم کیو ایم سے منحرف رہنماؤں مصطفی کمال گروپ کی سیاسی سرگرمیاں جاری ، رضاہارون اور افتخارعالم کی پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل سے ملاقات ، سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات پر تبادلہ خیال،آج عوام کو ایک اور سرپرائز دیں گے،رضاہارون

پیر 21 مارچ 2016 09:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21مارچ۔2016ء) ایم کیو ایم سے منحرف رہنماؤں مصطفی کمال گروپ کی سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔مصطفی کمال کی حمایت کرنے والے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ آج پیرکے روز عوام کو ایک اور سرپرائز دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق رضاہارون اور افتخارعالم نے اتوار کے روز تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ضمنی انتخابات میں تعاون اور شہر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ دوسری جانب ہزارہ قومی موومنٹ کے وفد نے بھی مصطفی کمال گروپ سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد مصطفی کمال کی حمایت کرنے والے رہنما رضا ہارون نے کہاہے کہ ضروری نہیں ہر دوسرے دن ایم کیو ایم کی وکٹیں گریں لیکن یہ وکٹیں گرتی چلی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر صغیراحمد اور ا نیس قائم خانی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ ان کی عمران اسماعیل سے ملاقات سیاسی نہیں تھی ہمارے سیاست کے علاوہ بھی دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے، اگر کوئی شخص قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرے تو اسے روکنا نہیں چاہیے۔ایم کیو ایم کے مزید رہنماؤں کی ان کے ساتھ شمولیت کے بارے میں رضا ہارون نے کہا کہ وہ عوام سے کہتے ہیں کہ نئی جماعت وجود میں آئی ہے وہ اس کے ہاتھ مضبوط کریں۔ ہم نے آواز لگائی ہے جو آئے گا خوش آمدید کہیں گے ۔