سندھ حکومت کے خلاف اپوزیشن گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا یکم اپریل کو حیدر آباد سے تحریک شروع کرنے کا اعلان،یکم اپریل کو حیدر آباد سے رابطہ عوام مہم شروع ، دو اپریل کو ٹنڈو آلہ یار، میر پور خاص،عمر کوٹ میں ریلی اور جلسہ کیا جائے گا، ایاز لطیف پلیجو نے تحریک کے شیڈول کا اعلان کر دیا ،سندھ میں تبدیلی کے لیے عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا،صوبے کو حکومت کی بد انتظامیوں سے نجات نہ دلائی گئی تو سندھ معاشی طور پر تباہ ہوجائیگا،پیر صدر الدین شاہ

پیر 21 مارچ 2016 09:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21مارچ۔2016ء) سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف بننے والے اپوزیشن کے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے دہشت گردی ،کرپشن اور حکومت سندھ کی بد انتظامی کے خلاف یکم اپریل کو حیدر آباد سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔الائنس کے رہنما پیر صدر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں تبدیلی کے لیے عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا،صوبے کو حکومت کی بد انتظامیوں سے نجات نہ دلائی گئی تو سندھ معاشی طور پر تباہ ہوجائیگا۔

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنما ایاز لطیف پلیجو نے تحریک کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے یکم اپریل کو حیدر آباد سے رابطہ عوام مہم شروع کرنے جبکہ دو اپریل کو ٹنڈو آلہ یار، میر پور خاص،عمر کوٹ میں ریلی اور جلسہ کرنے کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تین اپریل کو مٹھی میں جلسہ ہوگا اور ریلی تھرکے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی شام کو بدین پہنچے گی جہاں تاریخی جلسہ عام کا انعقاد ہوگا۔

یہ اعلان انھوں نے مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی کی رہائش گاہ پر گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، سابق وزراء اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی،ممتاز بھٹواور نیشنل پیپلز پارٹی کے مسرور جتوئی ،ہالا سے مخدوم فضل محمود ،رکن سندھ اسمبلی حاجی شفیع جاموٹ،سابق وزیر داخلہ سندھ عرفان اللہ مروت اور قومی عوامی تحریک کے ایاز لطیف پلیجو نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال حکومت کی بد انتظامی اور بدترین کرپشن پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مشترکہ تحریک شروع کرنے پر اتفاق کیا۔قومی عوامی تحریک کے ایاز لطیف پلیجو نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے جس طرح سندھ کے حقوق پامال کیے ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی،پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف سے این آر او کرکے جن جرائم پیشہ عناصر او ر لٹیروں کو تحفظ دیاآج انھوں نے سندھ کی اینٹ سے اینٹ بجادی ہے۔

تعلیم ،سندھ ،زراعت اور محکمہ جنگلات میں کھربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے،جبکہ عوا م کو صرف پریس کانفرنسوں سیاسی بیانات اور بلاول کے ٹویٹس پر ٹرخا دیا جاتا ہے۔پیپلز پارٹی نے این آر اور کرکے پرویز مشرف سے بے نظیر قتل کیس کا سودا کیا،انھوں نے کہا کہ کرپشن ، دہشت گردی اور سندھ حکومت کی بد انتظامی کے خلاف یکم اپریل کو حیدر آباد سے تحریک شروع کرینگے ،حیدر آباد میں جلسے کے علاوہ صحا فتی تنظیموں اور میڈیا مالکان کو سندھ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائیگا اور عوامی جلسہ بھی ہوگا۔

دو اپریل کو ٹنڈو ریلی ٹنڈو آلہ یار جائیگی وہاں جلسے کے بعد ریلی کے شرکاء دو بجے میر پور خاص پہنچیں گے اور شام پانچ بجے عمر کوٹ میں جلسہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ تین اپریل کو مٹھی میں ریلی ہوگی اور تھر کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے ریلی کے شرکاء شام کو بدین پہنچے گے ۔انھوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ستائے ہوئے لوگوں کو سڑکوں پر آنے کی دعوت دے رہے ہیں ۔

فنکشنل لیگ سندھ کے صدر پیر صدر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے سندھ کے عوام کو جگانے کی حکمت عملی بنالی ہے،حکومت سندھ کی بد انتظامی اور کرپشن کو گاؤں گاؤں بے نقا ب کیا جائیگا،صوبے میں تبدیلی کے لیے بد انتظامی اور کرپشن کو فروغ دینے والے مہروں سے نجات دلانی ہوگی۔سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو نے کہا کہ تحریک کے آغاز میں مزید تاخیر سندھ کے عوام سے دشمنی ہوگی، سندھ دشمنوں کے گھیرے میں ہے جسے بچانے کے لیے گھر گھر جانا ہوگا، سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے کہا کہ حکومت سندھ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کو پناہ دیتی ہے،سندھ کے محکمہ خزانہ نے تباہی مچا رکھی ہے،جعلی بلوں کے ذریعے اربوں روپے کاغذی اسکیموں کی آڑ میں نکلوالیے گئے ہیں اور صوبائی خزانہ اس وقت خسارے کا شکار ہے ۔

انھوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے لیے ڈیر سو ارب روپے کے پیکج کاغذوں میں دکھا کر پیسے ہڑپ کرلیے گئے ۔شبیر میمن ،مصطفی میمن ،انور مجید ،منظور کاکانے صوبے کو بے دردی سے لوٹا ہے ۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ لٹیروں اور چوروں کو پناہ دینے والی حکومت بر طرف کرکے سندھ میں گورنر راج لگایا جائے۔سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا سندھ حکومت انتخانی دھاندلی کی بنیاد پر قائم ہے ، پولیس اور مقامی انتظامیہ مل کر دھاندلی کرتے ہیں پیپلز پارٹی کے دوسرے لاڑکانہ بدین میں شفاف انتخابات کے ذریعے سترہ سال بعد شکست نوشتہ دیوار ہے ۔

انھوں نے کہا کہ بھٹو کے روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے کو زرداری نے اپنی روٹی کپڑا اور جائیدا د بنانے کے لیے استعمال کیا ، اب آصف زرداری فوج سے معافی مانگنا چاہتے ہیں ،جے آئی ٹی کی تحقیقات میں الطاف حسین کی طرح آصف زرداری بھی راء کء ایجنٹ ثابت ہونگے ۔ہالا کے مخدوم فضل کا کہنا تھا کہ بھٹو نے پیپلز پارٹی اس لیے نہیں بنائی کہ ملک کو کرپشن کرکے تباہ کیا جائے ۔

سابق وزیر داخلہ سندھ عرفان اللہ مروت کا کہنا تھا کہ صوبے کی تبدیلی کے لیے گھروں سے باہر نہ نکلا تو سندھ تباہ ہوجائیگا، سندھ کا کسان پریشان اور کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے،کچرے کی صفائی کے ادارے کی سربراہی نے اپنے پاس رکھی ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم ملے ہوئے ہیں ،کبھی پیپلز پارٹی تو کبھی ایم کیو ایم جھاڑو اٹھا لیتی ہے ،انہیں یہ نہیں پتہ کہ اب ان پر جھاڑو پھرنے والی ہے۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختو نخواہ سے زیادہ سندھ کے وزراء کی ایزی لوڈ سروس چل رہی ہے ،ایک سوال کے جواب میں ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا پرویز مشرف سے این آر اور غلط تھا ،این آر اوکے ذریعے پیپلز پارٹی کے کرپٹ اور ایم کیو ایم کے جرائم پیشہ عناصر کو چھوڑا گیا اورا ب ایک اور این آر او کی تیاری ہورہی ہے ،مصطفی کمال نے نئے صوبوں کی بات کرکے سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگایا ہے،سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والی ہر جماعت کی مخالفت کرینگے ،نئی جماعت کی آڑ میں جرائم پیشہ عناصر کو معافی ملک و قوم کے ساتھ دشمنی ہوگی ، کسی قاتل اور دہشت گرد کو معافی نہیں ملنی چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :