فلسطینی بچے کی ریال میڈرڈ سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور گیرتھ بلیلی سے ملاقات ، ٹیم نے احمد سے ملاقات کی، ان کے ساتھ تصاویر لیں اور انہیں ایک شرٹ اور پوری ٹیم کی جانب سے سائن کی ہوئی بال بھی پیش کی، ریال میڈرڈ

ہفتہ 19 مارچ 2016 09:16

ریال میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء)یہودی شدت پسندوں کے دستی بم حملے میں بچ جانے والے فلسطینی بچے کو ریال میڈرڈ کے مرکز کے دورے پر مدعو کیا گیا جہاں ان کی ملاقات فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور گیرتھ بیلی سے ہوئی۔بچے کی ریال میڈرڈ کی جرسی پہنے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں جس کے بعد ایک فلسطینی گروپ نے ٹیم کو احمد سے ملاقات کرنے پر قائل کیا۔

ریال میڈرڈ کے ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹیم نے احمد سے ملاقات کی، ان کے ساتھ تصاویر لیں اور انہیں ایک شرٹ اور پوری ٹیم کی جانب سے سائن کی ہوئی بال بھی پیش کی۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ احمد اس موقع پر بے انتہا خوش تھے اور انہوں نے اپنے ہیروز کو ٹریننگ کرتے ہوئے بھی دیکھا۔بعدازاں احمد کو کلب کے سینٹیاگو برنابو اسٹیڈیم کا دورہ بھی کروایا گیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کروائی گئی۔

(جاری ہے)

حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی تھی جبکہ اس کے بعد اسرائیلیوں اور فلسطینیوں میں تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے تھے۔فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجب نے کہا کہ ریال میڈرڈ نے ایک ایسے بچے کی امید بحال کی ہے جس نے اپنے پورا خاندان کھو دیا۔گزشتہ سال دسمبر میں رونالڈو تین سالہ لبنانی بچے سے بھی ملے تھے جس نے ایک خودکش حملے کے دوران اپنے والدین کو کھو دیا تھا۔