حکو مت مخالف سیاسی جماعتوں کے سربراہان بھارت میں اکٹھے ہونے لگے،طاہر القادری ، عمران خان اور شیخ رشید بھا رت پہنچ گئے ،تینوں رہنماؤں کے درمیان کلکتہ کے ایک نجی ریسٹورنٹ میں ملاقات کا امکان

ہفتہ 19 مارچ 2016 09:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء) حکمرا ن جما عت مسلم لیگ (ن )کے مخالف سیاسی جماعتوں کے سربراہان بھارت میں اکٹھے ہونے لگے ۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری پہلے سے بھارت میں موجود ، عمران خان چارٹر طیارے کے ذریعے کلکتہ پہنچے ہیں جبکہ حکومت مخالف سیاسی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی بھارت روانہ ہو گئے ۔

(جاری ہے)

تینوں سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے درمیان محدود وقت کی ملاقات ہونے کا امکان ہے ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ تینوں سیاسی جماعتوں کے سربراہان بظاہر اپنے اپنے پروگرام اور شیڈول کے ذریعے بھارت پہنچے ہیں ڈاکٹر طاہر القادری انٹرنیشنل صوفی کانفرنس میں شرکت کے لئے نئی دہلی میں موجود ہیں جہاں آج ہفتے کو صوفی کانفرنس سے خطاب کریں گے اور بعدازاں ان کے کلکتہ روانہ ہونے کا امکان ہے جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پاک بھارت میچ دیکھنے کلکتہ پہنچے ہیں اور اب شیخ رشید بھی کلکتہ کے لئے سفر پر روانہہوچکے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں رہنماؤں کے درمیان کلکتہ کے ایک نجی ریسٹورنٹ میں ملاقات کا امکان ہے جس میں سابق صدر پرویز مشرف کی دبئی روانگی دیگر سیاسی اور ملک کے معاشی حالات پر تبادلہ خیال ہو گا ۔