پی آئی اے نجکاری کی منظوری،حکومت کے مشترکہ اجلاس بلانے سے قبل پیپلز پارٹی سے رابطے ،مشترکہ اجلا س میں نیب سمیت پی آئی اے نجکاری پر پی ٹی آئی ،جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی تیار

جمعہ 18 مارچ 2016 08:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18مارچ۔2016ء)پی آئی اے نجکاری کی منظوری کے لیے حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔مشترکہ اجلاس میں نیب سمیت پی آئی اے نجکاری پر پاکستان تحریک انصاف ،جے یو آئی اور پیپلز پارٹی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں رینجر آپریشن سے متعلق چند اقدامات پر اختلافات سے وفاق کو باقاعدہ اگاہ کر دیا تھا تاہم وفاق نے ایک نہ سنی جس کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام ارکان اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ اسمبلی میں کسی صورت بھی حکومت کے عوام دشمن اور اپنی ذاتی پالیسوں کی حمایت ہرگز نہ کی جائے ،پاکستان تحریک انصاف نے بھی پی آئی اے نجکاری فیصلہ پر کسی صورت حکومت کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور لائحہ عمل بنا لیا ہے کہ بل کو کسی صورت پاس نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جمعیت علماء اسلام (ف)نے پی آئی اے نجکاری کو نسواں بل کی واپسی سے مشروط کر دیا ہے انہوں نے حکومت کو دو ٹوک کہ دیا ہے کہ جب تک پنجاب سے تحفظ حقوق نسواں بل کو واپس نہیں لیا جاتا اس وقت تک وہ کسی صورت بھی حکومت کے بل میں ساتھ نہیں دے سکتے ۔