امید ہے نیویارک میں پاک بھارت وزراء اعظم ملاقات ہوگی،سرتاج عزیز ،27مارچ پاکستانی ٹیم پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں بھارت جائے گی،نئی پیشرفت سے اچھے نتائج مرتب ہوں گے،بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں تمام معاملات زیربحث آئے ، بھارتی وزیراعظم کو اسلام آباد میں آئندہ سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے دعوت نامہ دیدیا ہے،مشیر خارجہ کی بھارتی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 18 مارچ 2016 08:40

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18مارچ۔2016ء)مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اسلام آباد میں آئندہ سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے دعوت نامہ دیدیا ہے، امید ہے 31مارچ کو نیویارک میں پاک بھارت وزراء اعظم کی ملاقات ہوگی ،27مارچ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں بھارت جائے گی جبکہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان تحقیقاتی ٹیم27مارچ کو پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے بھارت پہنچے گی۔

نیپال کے سیاحتی مقام پوکھارا میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ تمام معاملات پر سمجھوتہ اور معاہدہ ہوگیا میری سارک کانفرنس میں شرکت کا مقصد وزیراعظم کی جانب سے دئیے گئے دعوت نامہ کو حوالہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد میں آئندہ سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارتی ہم منصب کو شرکت کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے ملاقات بڑے خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے ملاقات میں پاک بھارت تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا پٹھان کوٹ واقعہ کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت تعطل کا شکار ہو گئی تھی ۔ملاقات میں تمام معاملات زیربحث آئے جن معاملات پر اختلافات تھے وہ بھی اس ملاقات میں طے کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 27مارچ کو پاکستانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی،تحقیقاتی ٹیم پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کا آغاز28مارچ کو کرے گی،اسکے علاوہ اجلاس میں سارک کانفرنس کے ایجنڈے پر بھی بات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے آخر میں31مارچ کو وزیراعظم نوازشریف نیویارک کا دورہ کرینگے اور امید ہے کہ نیویارک میں پاک بھارت وزراء اعظم ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نئی پیشرفت سے اچھے نتائج مرتب ہوں گے،بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے اس موقع پر کہا کہ27مارچ کو پاکستانی تحقیقاتی ٹیم بھارت آئے گی اور پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کرے گی